ممبئی ۔ 19 اگست (ایجنسیز) تاخیر سے ملنے والی خبر کے مطابق سینئر فلم اداکارہ ناظمہ کا 11 اگست کو 77 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ انہوں نے اپنا فلمی کیریئر نو عمری سے ہی بے بی چاند کے نام سے شروع کیا تھا۔ سنجیو کمار کی پہلی فلم ’’نشان‘‘ میں انہوں نے ہیروئن کا رول ادا کیا تھا۔ تاہم انہوں نے ہیرو کی بہن کے رول ادا کرکے زیادہ مقبولیت حاصل کی۔ ان کی مشہور فلموں میں آرزو، آئے دن بہار کے اور ادھیکار کے نام قابل ذکر ہیں۔ خاندانی ذرائع نے ان کی تجہیز و تکفین سے متعلق تفصیلات نہیں بتائیں۔