آر ٹی سی ہڑتالی ملازمین سے ریاستی وزیر گنگولا کملاکر کی اپیل
حیدرآباد ۔ 3 ؍ نومبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر مسٹر گنگولا کملاکر نے ہڑتالی تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ملازمین سے آر ٹی سی جوائنٹ ایکشن کمیٹی قائدین کے بہکاوے میں نہ آنے کی پرزور اپیل کی ۔ اور یونین لیڈروں پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جتنے بھی یونین قائدین ہیں وہ کبھی بھی ڈیوٹی پر (خدمات انجام نہیں دیتے) نہیں رہے ۔ صرف اپنی لیڈر شپ چلاتے ہوئے ماہانہ تنخواہ حاصل کرنے کے عادی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ آر ٹی سی ورکروں کی فلاح و بہبود کے لئے ریاستی حکومت اقدامات کر رہی ہے ۔ بالخصوص چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھرراؤ نے ہی تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا ۔ لہذا چیف منسٹر کی ایماء (کی گئی اپیل پر ) ٹی ایس آر ٹی سی کے ہڑتالی ملازمین سے فی الفور ڈیوٹی پر رجوع ہوجانے کی ریاستی وزیر مسٹر گنگولاکملاکر نے پرزور اپیل کی اور کہا کہ ٹی ایس آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال میں سیاسی قائدین نے بیجا طور پر شامل ہو کر آر ٹی سی ملازمین کو سڑکوں پر لا دیا ۔ مسٹر کملاکر نے بابو نامی آر ٹی سی ملازم کی موت پر اپنے گہرے دکھ کااظہار کرتے ہوئے تدفین میں شریک ہوئے ‘ کسی بھی قائد نے بابو کے افراد خاندان کو کسی بھی نوعیت کی مالی امداد فراہم نہیں کی ۔ وزیر موصوف نے ہڑتالی آر ٹی سی ملازمین یونینوں پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی قائدین کو ہدف ملامت بتایا اور کہا کہ وہ بہت جلد ڈرائیو ر بابو کے افراد خاندان سے ملاقات کرکے اظہار تعزیت کریں گے ۔ بلکہ مالی امداد بھی فراہم کریں گے ۔