بیارم اسٹیل پلانٹ کے لیے رکن اسمبلی ہری پریہ نائک کی بھوک ہڑتال

   

حیدرآباد۔ 13 فروری (سیاست نیوز) سابق سکریٹری اے آئی سی سی اور رکن قانون ساز کونسل ڈاکٹر پی سدھارریڈی نے بیارم اسٹیل پلانٹ کی تعمیر کا مطالبہ کرتے ہوئے رکن اسمبلی ہری پریہ نائک کی جانب سے شروع کردہ بھوک ہڑتال سے اظہار یگانگت کیا۔ انہوں نے بھوک ہڑتال کیمپ پہنچ کر رکن اسمبلی سے ملاقات کی اور مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ آندھراپردیش تنظیم جدید قانون میں کیے گئے اس وعدے کی تکمیل کی جائے۔ 14 فروری 2014ء کو پارلیمنٹ میں تنظیم جدید قانون متعارف کیا گیا تھا اور کل اس کے پانچ سال مکمل ہوجائیں گے۔ اس کے باوجود مرکز نے وعدے پر عمل آوری نہیں کی ہے۔ سدھاکر ریڈی نے مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ دونوں ریاستوں سے جو وعدے کیئے گئے تھے ان پر عمل آوری نہیں کی گئی۔ انہوں نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سلسلہ میں مرکزی حکومت سے نمائندگی کریں۔ انہوں نے ریاست کی تقسیم کے پانچ سال کی تکمیل کے موقع پر سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے قرارداد منظور کرنے کی یاد دلائی۔ صدر ضلع کانگریس جئے بھرت چندرا ریڈی، سکریٹری پردیش کانگریس کے رنگاریڈی، کنوینر میناریٹی ڈپارٹمنٹ محمد فضل کے علاوہ میونسپل چیرپرسن محبوب آباد شریمتی اوما نائک نے بھی دھرنے میں حصہ لیا۔