دوبئی: سوریہ کمار یادو اپنے ٹی۔ 20 انٹرنیشنل کیریئر کی پہلی 20 اننگز میں شاندار کارکردگی دکھانے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹی 20 رینکنگ میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ منگل کو ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ٹی۔ٹوئنٹی میں 76 رنز بنانے کے بعد وہ بہترین بلے بازوں کی فہرست میں پاکستان کے بابر اعظم (818) سے صرف دو پوائنٹ پیچھے ہیں۔سیریز کے پہلے دو میچ سوریہ کمار کے لیے اتنے اچھے نہیں تھے، کپتان روہت شرما کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔ تاہم تیسرے میچ میں فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہوئے انہوں نے ہندوستان کو 165 کے مشکل ہدف کے بہت قریب پہنچا دیا۔ اس اننگز کی وجہ سے وہ چوتھے نمبر سے دو درجے اوپر آگئے ہیں۔ جس کی وجہ سے محمد رضوان اور ایڈن مارکرم کو ایک ایک مقام کا نقصان ہوا ہے۔ ہندوستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف اس سیریز میں مزید دو میچ کھیلنے ہیں اور سوریہ کمار کے پاس بابر کو ہرانے کا اچھا موقع ہے۔