نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے معاون بیبھو کمار کو سواتی مالیوال پر حملے کے مقدمے میں ضمانت ملنے کے بعد منگل کو تہاڑ جیل سے رہا کر دیا گیا۔ سرکاری ذرائع نے یہ معلومات دی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ کمار کو دوپہر 2 بجے جیل نمبر پانچ سے رہا کیا گیا جہاں انہیں تین ماہ سے زائد عرصہ تک رکھا گیا۔ سپریم کورٹ نے پیر کو کمار کو ضمانت دے دی تھی اور کہا تھا کہ وہ 100 دن سے زیادہ حراست میں ہیں۔ جسٹس سوریا کانت اور اجل بھویاں کی بنچ نے بھی اس حقیقت کا ادراک کیا کہ استغاثہ نے 51 سے زائد گواہوں سے پوچھ گچھ کی تجویز پیش کی ہے۔ بنچ نے کہا کہ سماعت مکمل کرنے میں وقت لگے گا۔ بنچ نے یہ بھی کہا کہ چونکہ کیس میں چارج شیٹ پہلے ہی داخل ہو چکی ہے اس لیے کمار کی رہائی سے تحقیقات کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔ کمار نے مبینہ طور پر 13 مئی کو کیجریوال کی سرکاری رہائش گاہ پر مالیوال پر حملہ کیا تھا۔