بیتول۔ یکم؍ نومبر (یو این آئی) سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے مدھیہ پردیش میں بیتول ۔بھوپال ہائی وے کی ابتر حالت پر ناراضگی ظاہر کی۔ گڈکری کا سڑکوں کی ابتر حالت پرناراضگی کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے ۔ ویڈیو میں، انہوں نے براہ راست افسران کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال کیاکہ کیا انہیں ”ٹھیکیداروں سے ہفتہ مل رہا ہے ؟درحقیقت، 28 اکتوبر کو صنعتی تنظیم سی آئی آئی کی طرف سے منعقدہ ایک پروگرام میں گڈکری نے بیتول-بھوپال شاہراہ کی حالت پر سخت ناراضگی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ ڈائریکٹر اور ریجنل آفیسر سڑک کی خستہ حالی کے ذمہ دار ہیں۔ وزیر موصوف نے کہا کہ اگر سڑک حادثات بڑھ رہے ہیں تو افسران کی کارکردگی کا آڈٹ کریں۔ جو افسران کام نہیں کر رہے ہیں، ان کی ترقی کو روکیں۔ اچھی سڑکیں عوام کا حق ہے اور کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اس شاہراہ کے حوالے سے وزارت کے سکریٹری کو خط بھیجا ہے ۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ سڑک کی حالت دیکھ کر مجھے خود شرم آئی۔ بیتول سے آگے کی سڑک بہت خراب ہے ۔25 اکتوبر کو گڈکری اپنے کنبے کے ساتھ ستپڑہ ٹائیگر ریزرو پہنچے تھے ۔ وہ بیتول-بھوپال ہائی وے سے برٹھا گھاٹ ہو کرگزرے تھے ، جہاں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی۔ تقریباً ایک سال سے اس شاہراہ کی ابتر حالت کے تعلق سے لوگوں میں غصہ ہے ۔ لوگ جگہ جگہ گڑھوں، نامکمل تعمیرات اور ٹول وصولی سے پریشان ہیں۔
کانگریس نے کنڈی ٹول پلازہ پر ٹول وصولی بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔