بیتول۔ 30 مارچ (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے ضلع بیتول کے گاؤں کھیڑیراموسی میں زمین کی حدبندی سے متعلق شروع ہوئے تنازعہ نے اب سیاسی شکل اختیار کرلی ہے ۔ بھارتیہ جنتا یووا مورچہ کے ضلع صدر بھاسکر مگارڈے نے کانگریس کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اسے ذاتی اور خاندانی معاملہ قرار دیا ہے ۔مگارڈے کے مطابق، ان کے اہلِ خانہ کی خریدی گئی زمین کی حدبندی انتظامی عمل کے تحت کی جا رہی تھی، جس کے دوران پولیس فورس بھی موجود تھی۔ اسی دوران کچھ افراد نے اچانک حملہ کر دیا، جس میں وہ شدید زخمی ہو گئے ۔ انہوں نے کانگریس پر الزام لگایا کہ وہ اس معاملہ کو بلاوجہ سیاسی رنگ دے رہی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ زمین کی خریداری کے وقت فروخت کنندہ غیر قبائلی تھا اور تمام کارروائی قانونی طریقہ کار کے مطابق کی جا رہی تھی۔فی الحال مگارڈے بھوپال کے ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ قابلِ ذکر ہے کہ اس سے قبل قبائلی فریق اور کانگریس رہنماؤں نے بی جے پی لیڈر اور انتظامیہ پر مارپیٹ اور ہراسانی کے الزامات عائد کیے تھے اور درج ایف آئی آر کو منسوخ کر کے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ یاد رہے کہ گزشتہ جمعرات زمین کی پیمائش کے دوران حالات بگڑ گئے تھے اور ہجوم کے حملے کے الزامات سامنے آئے تھے ، جس کے بعد یہ تنازعہ مزید شدت اختیار کر گیا۔
فی الحال دونوں فریقین کے مختلف دعوؤں کے درمیان علاقے میں کشیدگی برقرار ہے اور انتظامیہ اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے ۔