سڈنی، 7 جنوری (آئی اے این ایس) جیکب بیتھل کی دباؤ میں کھیلی گئی شاندار اننگز کے باوجود آسٹریلیا نے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ (ایس سی جی) میں جاری آخری ایشز ٹسٹ کے چوتھے دن مکمل قابو برقرار رکھا۔ کھیل کے اختتام پر انگلینڈ کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنا سکی، جب کہ انگلینڈ کو 119 رنزکی معمولی مگر اہم برتری حاصل ہے۔ آسٹریلیا نے دن کا آغاز 518/7 کے اسکور سے کیا اور رات کے اسکور میں 49 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 567 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، اسے پہلی اننگز میں 183 رنز کی مضبوط برتری حاصل ہوئی۔ انگلینڈ کی دوسری اننگز کا آغاز نہایت مایوس کن رہا، جب اوپنر زیک کرالی پہلے ہی اوور میں آؤٹ ہو گئے۔ تاہم جیکب بیتھل اور بین ڈکٹ نے اننگز کو سنبھالا اور لنچ تک اسکور 80 رنز ایک وکٹ پر پہنچا دیا۔ دوسرے سیشن کے آغاز میں بین ڈکٹ مائیکل نیسرکی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ سیریز میں انگلینڈ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے جو روٹ بھی پریشان نظر آئے اور 32ویں اوور میں اسکاٹ بولینڈ کا شکار بن گئے۔ اس کے بعد نائب کپتان ہیری بروک اور بیتھل نے102 رنزکی شراکت قائم کرکے ٹیم کو چائے کے وقفے تک 179/3تک پہنچایا۔ وقفے کے بعد دونوں نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ جاری رکھی اور بیتھل نے 162 گیندوں پر اپنی پہلی ٹسٹ سنچری مکمل کی۔ جیسے ہی انگلینڈ کے لیے امیدیں بڑھنے لگیں، آل راؤنڈر بو ویبسٹر نے میچ کا رخ موڑ دیا۔ انہوں نے ہیری بروک (42 رنز، 48 گیندیں) کو آؤٹ کیا اور اس کے بعد ول جیکس کو صفر پر پویلین واپس بھیج دیا۔ بیتھل نے وکٹ کیپر جیمی اسمتھ کے ساتھ 45 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم اسمتھ65 ویں اوور میں41 گیندوں پر26 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ انگلینڈ کی مشکلات اس وقت مزید بڑھ گئیں جب کپتان بین اسٹوکس بھی آؤٹ ہوگئے۔ اسٹوکس نے 66 ویں اوور میں بو ویبسٹرکی گیند پر اسٹیو اسمتھ کو کیچ تھما دیا۔ نئے بیٹر برائیڈن کارس نے ابتدا میں تین چوکے لگا کر اچھا آغازکیا، لیکن71 ویں اوور میں اسکاٹ بولینڈ نے انہیں بھی آؤٹ کردیا۔ دن کے اختتام پر انگلینڈکا اسکور 302/8 رہا، جب کہ جیکب بیتھل بدستورکریز پر موجود رہے۔ انگلینڈ کو اب امید ہے کہ 22 سالہ بیتھل مزید رنزجوڑکر ٹیم کو مضبوط موقف میں لے جا سکیں گے۔ آسٹریلیا کی جانب سے بو ویبسٹر نے 51 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، اسکاٹ بولینڈ نے 34 رنز کے عوض 2 کھلاڑی آؤٹ کیے، مچل اسٹارک نے 61 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی، جبکہ مائیکل نیسر نے 55 رنز دے کر ایک وکٹ اپنے نام کی۔
