غزہ۔ اتوارکی صبح اسرائیلی فوج نے غزہ کے شمالی علاقہ بیت لاہیہ کے رہائشی چوک پر ہولناک بمباری کی، جس کے نتیجے میں کم از کم 70 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔شمالی غزہ سے صحافی انس الشریف نے تصدیق کی کہ اسرائیلی فوج نے منظم قتل عام کیا، جس میں غباین، تلوی، عیادہ اور عبدالعاطی خاندانوں کے گھروں پر بمباری کی گئی۔ اس کارروائی میں 70 شہری شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔ایک اور صحافی اسلام بدر نے بتایا کہ بیت لاہیہ پراجیکٹ میں اسرائیلی جنگی طیاروں نے تباہ کن بم گرائے، جن کے باعث 50 شہری شہید ہوگئے، اور دسیوں افراد ملبے میںدب گئے۔عرب میڈیا کے مطابق قابض فوج نے رات گئے عبدالعاطی خاندان کے پانچ منزلہ مکان کو نشانہ بنایا۔ اس وقت مکان میں کئی بے گھر خاندان موجود تھے، جنہیں پناہ دی گئی تھی۔ 50 شہری اس میں شہید ہوگئے۔صلاح عبدالعاطی، فلسطینی عوام کے حقوق کے بین الاقوامی کمیشن کے چیئرمین نے بتایا کہ ان کے گھر کو مکمل تباہ کر دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ دسیوں افراد ملبے کے نیچے دبے ہیں، لیکن انہیں نکالنے کا کوئی بندوبست نہیں ہو سکا ہے۔