بیجاپورمیں عرس حضرت ہاشم پیردستگیرؒ

   

حضرت ہاشم ؒ سلسلہ قادریہ شطاریہ کے مشہوربزرگ ‘عادل شاہی بادشاہ آپؒ کے مریدتھے
سنگاریڈی 6 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جناب شبیر احمد الہاشمی سنگاریڈی کی اطلاع کے بموجب قطب دکن حضور سید شاہ ہاشم پیر دستگیر حسینی علوی قادری شطاری ؒ بیجاپور کرناٹک کے 390 ویں عرس شریف کی دو روزہ تقاریب 6 اور 7 رمضان المبارک مطابق 7 اور 8 مارچ کو منعقد ہوں گی۔ 6 رمضان ( 7 مارچ) کو بعد نماز تراویح گنبد پر پھول کے طرے پیش کئے جائیں گے۔ 7 رمضان ( 8 مارچ) کو بعد نماز عصر غسل ہوگا۔ افطار و طعام عام کے بعد شب دس بجے غلاف مبارک پیش ہوگا اور شب 12 بجے حضرت ڈاکٹرسید شاہ مرتضیٰ حسینی علوی قادری شطاری الہاشمی المعروف مرشد پیراں سجادہ نشین درگاہ حضرت ہاشم پیر دستگیر ؒ صندل پیش کریں گے اور محفل سماع منعقد ہو گی۔ حضرت ڈاکٹر سید شاہ مرتضیٰ حسینی علوی قادری شطاری الہاشمی المعروف مرشد پیراں سجادہ نشین درگاہ حضرت ہاشم پیر دستگیر ؒ نے بتایا کہ حضرت ہاشم پیر دستگیر ؒ کا دور 400 سال سے زائد قدیم ہے۔ حضرت ہاشم پیر دستگیر ؒ نے حضور اکرم رسول اللہ ؐ کی بشارت پر ہندوستان تشریف لائے اور بیجاپور کو پسند فرمایا۔ آپ ؒ حسینی سید ہیں اور سلسلہ قادریہ شطاریہ کے مشہور صوفی بزرگ ہیں اور ولایت کے قطب الاقطاب مقام پر فائض ہیں۔ حضرت کے مریدین و معتقدین دنیا بھر میں موجود ہیں۔ سلاطین زمانہ فقیر بن کر حاضر ہوتے اور آپ ؒ کے فیض سے مستفیض ہوتے۔ بیجاپور کے عادل شاہی خاندان کا سلطان ابراہیم عادل شاہ آپ ؒ کا معتقد اور ان کا بیٹا سلطان محمد علی عادل شاہ مرید تھا۔ واقعہ زمانہ مشہور ہیکہ سلطان محمد علی عادل شاہ مرض مرگ میں مبتلاء ہوا اور جید حکماء کے علاج سے بھی شفاء نہیں ہوئی تو اپنے پیر و مرشد کی بارگاہ میں حاضر ہوا اور حضرت کی نظر خاص کا ملتجی ہوا۔ حضرت کی دعاء اور نظر خاص سے سلطان مکمل صحت مند ہوا۔ حضرت ہاشم پیر دستگیر ؒ نے سلسلہ شطاریہ کو ملک بھر میں پھیلایا۔ آپ ؒکے عرس شریف میں ملک کی مختلف ریاستوں سے مریدین و معتقدین کی کثیر تعداد شرکت کرتی ہے۔