چھتیس گڑھ کے نارائن پور میں 12 نکسلیوں کی خودسپردگی
رائے پور ۔18؍ستمبر ( ایجنسیز)چھتیس گڑھ کے بیجا پور اور مہاراشٹرا کے گڑھ چرولی علاقے میں سلامتی دستوں کے ساتھ ہوئے الگ الگ تصادم میں 4 نکسلائٹس ہلاک ہو گئے ۔ بیجا پورمیں چہارشنبہ کی دوپہر سے چل رہے تصادم میں 2 نکسلیوں کی نعشیں برآمد کی گئی۔ موقع پر سے 303 رائفل، بی جی ایل لانچر سمیت دھماکہ خیز اشیا بھی ضبط ہوئی ہے۔ وہیں گڑھ چرولی علاقے میں بھی تصادم کے بعد دو نکسلیوں کی نعشیں برآمد کی گئی ہے۔ مارے گئے چاروں نکسلیوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔موصولہ اطلاع کے مطابق فوج جنوب مغرب بیجا پور میں اینٹی نکسل آپریشن پر تھی۔ اسی درمیان جنگل میں نکسلیوں کے میٹنگ کیے جانے کی اطلاع ملی۔ جوانوں نے علاقے کی گھیرا بندی کرتے ہوئے نکسلیوں کو خودسپردگی کرنے کو کہا لیکن نکسلیوں نے تابڑ توڑ فائرنگ شروع کر دی۔ جوانوں نے بھی نکسلیوں کی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا اور دو نکسلیوں کو وہیں پر ڈھیر کر دیا۔دوسری طرف چھتیس گڑھ کے نارائن پور کے ابوجھامڑ علاقہ میں کل 12 نکسلیوں نے خودسپردگی کر دی۔ خود سپردگی کرنے والوں میں 5‘5 لاکھ روپے کے انعامی ماڈوی آیتو اور ماڈوی دیوا اہم ہیں۔