بیدر میں اسکول پرنسپل اور طالبہ کی والدہ کی ضمانت منظور

   

آج رہائی عمل میں آئیگی ۔ طلبا سے پوچھ تاچھ پر کرناٹک ہائیکورٹ کی حکومت و پولیس کو نوٹس
حیدرآباد ۔ /14 فبروری (سیاست نیوز) بیدر کی مقامی عدالت نے ملک سے غداری کے الزام میں گرفتار شاہین اسکول کے پرنسپل اور طالبہ کی والدہ کی ضمانت منظور کرلی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق شاہین اُردو پرائمری اسکول بیدر کی پرنسپل فریدہ بیگم اور والدہ نجم النساء کو /30 جنوری کو بیدر پولیس نے گرفتار کرلیا تھا ۔ اسکول کی جانب سے شہریت ترمیمی قانون کیخلاف ایک ڈرامہ کیا گیا تھا جس میں مبینہ طور پر وزیراعظم کی شبیہہ مسخ کی گئی ۔ اس ڈرامہ کے بعد بیدر پولیس نے اسکول پرنسپل اور ایک طالبہ کی والدہ کے خلاف ملک سے غداری کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا تھا اور اسکول کے کمسن طلباء سے تفتیش کی تھی۔ گرفتار خواتین کو بیدر سنٹرل جیل میں رکھا گیا تھا ۔ بنگلور کے سینئر وکیل بی ٹی وینکٹیش اور ان کے ساتھی کیشو راؤ نے بیدر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ضمانت کیلئے بحث کی تھی جس پر وہاں کی جج ایم پریماوتی نے آج دونوں خواتین کی ضمانت منظور کرلی ہے ۔ ایڈوکیٹ کیشو راؤ نے سیاست نیوز کو بتایا کہ ایک لاکھ روپئے کی ضمانت داخل کرنے پر خواتین کی رہائی کا حکم دیا گیا اور ضابطہ کی کارروائی کے بعد ہفتہ کی شام کو رہائی عمل میں آئے گی ۔ اسی دوران کرناٹک ہائیکورٹ نے اسکولی طلباء سے پولیس کی پوچھ تاچھ کے خلاف مفاد عامہ کے تحت داخل کی گئی درخواست کی سماعت کے دوران کرناٹک حکومت اور پولیس کو نوٹس جاری کیا اور اندرون /19 فبروری جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ۔ عدالت نے کمسن طالبات سے پوچھ کرنے پر سوال بھی کیا ہے ۔