بیدر میں اطفال دوست عدالت کی عمارت کا افتتاح

   

تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی، بچوں کے جرائم سے متعلق وکلاء کو تربیت، ججس کے خطابات

بیدر۔ضلع محکمہ انصاف بیدر، خواتین اور بہبودی ٔ اطفال بیدر ، محکمہ تعمیرات عامہ بیدر اور ضلع باراسوسی ایشن بیدر کے اشتراک سے آج 4؍جون کو اطفال دوست عدالت کی تزئین نووالی خوبصورت عمارت کاافتتاح احاطہ ٔ عدالت بیدر میں جسٹس این ایس سنجے گوڈا جج ہائی کورٹ آف کرناٹکا، اور اڈمنسٹریٹو جج بیدر ضلع کے ہاتھوں ربن کاٹ کر عمل میں آیا۔ان کا ساتھ جسٹس این کے پاٹل سابق جج ، کرناٹکا ہائی کورٹ نے دیا۔ اس موقع پرتزئین نوسے مرصع پوری عمارت کوچیک کیاگیا۔ جج کی نشست ، دیگر افراد کی نشست کے لئے ترتیب دی گئی کرسیوں اور گواہی باکس کاجائزہ لیاگیا۔بعدازاں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس این ایس سنجے گوڈاکرناٹکاہائی کورٹ جج نے اطفال (بچوں) سے متعلق قانون پر روشنی ڈالتے ہوئے اس بات پر زور دیاکہ یہاں اطفال کو انصاف کیلئے ضروری بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ اطفا ل کیلئے ہر ضلع میں عدالت قائم کرنے کاحکم دیاگیاتھا اسی کی تعمیل میںبیدر میں بھی اطفال دوست عدالت قائم کی گئی ہے۔ جسٹس این کے پاٹل سابق جج ، کرناٹکا ہائی کورٹ نے مہمان کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اطفا ل سے متعلق مقدمات کی پیروی کیلئے وکلاء کو تربیت دی جاتی ہے۔ وہی وکلاء اطفال (بچوں) کے جرائم سے متعلق مقدمات کی پیروی کرناچاہیے۔پرنسپل ضلع اینڈ سیشن جج بیدر جناب بسواراج چگریڈی نے استقبال کیا۔ جناب اشوک مانورے صدر ضلع باراسوسی ایشن بید ر، بسواراج چگریڈی ، پرنسپل ضلع اینڈ سیشن جج بیدر ، رویند ررتنا کر ڈپٹی ڈائرکٹرخواتین اور بہبودیٔ اطفال محکمہ بیدر، اشوک کھنڈرے ایگزیکٹوانجینئر محکمہ تعمیرات عامہ بیدر، روی کمار واڑے نائب صدر ضلع باراسوسی ایشن بیدر ، شیوشرنپا پاٹل جنرل سکریڑی ضلع باراسوسی ایشن بیدر اور کرشنا برادار جوائنٹ سکریڑی ضلع باراسوسی ایشن بیدر اور دیگر مبینہ طورپر موجودتھے۔ پروگرام کی نظامت گاؤری شنکرپاتاپورے چائلڈ پروٹکشن آفیسر نے بخوبی انجام دی۔جناب اشوک مانورے صدرضلع باراسوسی ایشن بیدر نے اظہار تشکر کیا۔ اس بات کی اطلاع جناب محمد امجد حسین اور جناب محمدعمران خان نے دی ہے۔