بیدر۔یکم اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اب جبکہ بارشوں کا سلسلہ رُک گیا ، وہیں دوسری جانب مانجرا ندی میں طغیانی آگئی اور کارنجہ ڈیم میں اس کا اثر نظر آرہا ہے۔ چونکہ پڑوسی ریاست مہاراشٹرا میں ہوئی مسلسل بارش اور آبی ذخائر سے پانی کے اخراج سے مانجرا ندی میں طغیانی آئی ہے اور ضلع کے تعلقہ جات کمال نگر بھالکی اوراد اور ہلسور گاؤں اور بیدر تعلقہ کے کئی علاقوں میں پل بھی زیرآب آگئے ہیں جس کے سبب ٹریفک میں خلل پیدا ہوا ہے۔ ہلسور کے آس پاس کے 20 گاؤں کا سڑک سے رابطہ ٹوٹ گیا۔ کمال نگر اور بھالکی سے مہاراشٹرا کو جوڑنے والی سڑک بند کردی گئی تھی اور اب آہستہ آہستہ طغیانی میں کمی ہورہی ہے اور کچھ علاقوں ٹریفک معمول پر شروع ہوچکی ہے اور ندی کے کنارے بسنے والے لوگ راحت کی سانس لے رہے ہیں تاہم ضلع کھیتوں میں اب بھی جوں کی توں ہے۔ فصلیں پانی کے ٹھہرنے سے خراب ہورہی ہیں۔ کسان کچھ کرنے سے قاصر ہیں۔ چیف منسٹر کرناٹک سدا رامیا نے فضائی سروے کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ فضائی سروے میں چیف منسٹر کے ہمراہ ضلع انچارج وزیر ایشوربی کھنڈرے اور میونسپل ایڈمنسٹریشن و حج کے وزیر رحیم خاں بھی موجود تھے اور چیف منسٹر کو ضلع میں کھیتی باڑی اور مکانات سمیت عوامی املاک کو ہوئے نقصانات سے آگاہ کیا۔