بیدر میں جنتادل ایس کا 29 جولائی کو انتخابی تیاری اجلاس

   

بیدر۔ جنتادل (یس) ضلع بیدر کے صدر مسٹررمیش پاٹل سولپور نے آج منگل کو بیدر شہر کی ایک ہوٹل میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے بتایاکہ 29؍جولائی کو بیدر ضلع اور کلیان کرناٹک کے 7؍اضلاع کے صدور ،پارٹی ایم ایل اے اورسابق ایم ایل اے اور دیگر کا اجلاس ہوگا جس میں انتخابات سے قبل تیاری پربات کی جائے گی۔ یعنی یہ پارٹی کا تنظیمی اجلاس ہوگا۔ مسٹرسولپور نے مزید بتایاکہ سال 2023کے اسمبلی انتخابات کمارسوامی کی قیادت میں لڑتے ہوئے ’مشن 123‘کا ہدف رکھاگیاہے۔ ہم پوری ریاست سے 123سیٹ جیتنا چاہیں گے۔ 29؍جولائی کو 11بجے دن کمارسوامی کی قیادت میں بیدر میں پروگرام شروع ہوگا۔ اور سارادن پروگرام چلے گا۔ بعدازاں کمارسوامی سابق وزیراعلیٰ کرناٹک ،گلبرگہ کے لئے مبینہ طورپر روانہ ہوں گے۔ واضح رہے کہ کمارسوامی کے اس دورہ میں ان کے ساتھ سابق مرکزی وزیر اور جنتادل (یس) کے ریاستی صدر سی ایم ابراھیم اور سابق ریاستی وزیر بنڈپاقاسم پور رکن اسمبلی بید ر(جنوب) بھی ہوں گے۔پریس سے خصوصی خطاب کے موقع پر نوجوان قائد محمدنوازخان اور دیگر افراد موجودتھے۔ اس بات کی اطلاع جناب محمد امجد حسین نے دی ہے۔