بیرسٹو کی سنچری ، انگلینڈ 305/8

   

چسٹرلی اسٹریٹ ۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) شاندار شروعات اور اوپنر جانی بیرسٹو کی سنچری کے باوجود میزبان انگلینڈ یہاں نیوزی لینڈ کے خلاف اہم مقابلے میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز ہی اسکور کر پائی۔ ہندوستان کے خلاف مقابلے کے بعد بیرسٹو اور جیسن رائے نے متواتر دوسرے مقابلے میں ٹیم کو پہلی وکٹ کیلئے سنچری پارٹنرشپ فراہم کی جیسا کہ دونوں نے 18.4 اوورس میں پہلی وکٹ کے نقصان سے قبل 123 رنز اسکور کئے لیکن اختتامی اوورس میں نیوزی لینڈ کے بولروں نے اس رفتار پر نہ صرف روک لگائی بلکہ میزبان ٹیم کو 300 رنز تک ہی محدود رکھا۔ بیرسٹو نے متواتر دوسری سنچری اسکور کی جیسا کہ انہوں نے 99 گیندوں میں 15 چوکوں اور ایک چھکے پر مشتمل اننگز میں 106 رنز اسکور کئے جبکہ رائے نے 60 رنز بنائے ۔ نیوزی لینڈ کیلئے بولٹ ،نیشم اور ہنری نے فی کس دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔