بیروت کی تعمیر نو کیلئے بال بنوائیں ،امداد کی انوکھی کوشش

   

بیروت۔بیروت دھماکوں کے بعد اس مقام کی تعمیر نو میں ہر کوئی اپنا حصہ ادا کرنے میں مصروف ہے چاہے وہ انفرادی نوعیت کو یا پھر اجتماعی نوعیت ،یہ ہی نہیں بلکہ خانگی اور سرکاری طور پر بھی مختلف تنظمیں اور ممالک کی جانب سے امداد کی انفرادی اور اجتماعی کوششیں جاری ہیں۔بیروت دھماکوں کے بعد مقامی شہری بھی امدادی کاروائیوں میں برابر کے شریک رہے اور کئی تنظیمیں شہر کی تعمیر نو کے لیے عطیات جمع کرنے میں پیش پیش ہیں۔بیروت کی مدد اور تعمیر نو کی غرض سے جہاں عالمی برادری نے امداد کا اعلان کیا وہیں متعدد فلاحی ادارے اور نامور شخصیات بھی اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے سرگرم عمل رہی ہیں اور اب ان میں ہیر اسٹالسٹس بھی شامل ہوچکے ہیں جوکہ کم قیمت میں بالوں کی کٹنگ اور سجاوٹ کریں گے اس سے حاصل ہونی والی آمدنی کو بیروت کی تعمیر نو پر خرچ کریں گے۔متحدہ عرب امارات کے نامور ہیر اسٹالسٹس نے حال ہی میں ہر کٹنگ سے حاصل ہونے والی رقم امدادی ادارے لبنان ریڈ کراس کو عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔بین الاقوامی شہرت یافتہ کمپنی لوریئل کی سفیر نیٹالی کیسس نے کہا ہے کہ عوام کی خواہش پراس اقدام کا آغاز کیا ہے تاکہ اس مشکل گھڑی میں لبنان کی مدد کی جا سکے۔لوریئل کے بموجب 28 سے 31 اگست تک دبئی اور ابو ظہبی میں نامور ہیر اسٹائلسٹ کم قیمتوں میں بالوں کی کٹنگ اورا سٹائلنگ کی خدمات فراہم کریں گے۔انسٹا گرام پر شائع بیان میں کہا گیا ہے کہ اس تین روزہ ایونٹ سے جمع کی جانے والی گئی رقم بیروت کی تعمیر نو کے لیے استعمال کی جائے گی۔ان تمام خدمات کا اہتمام لوریئل اور ایڈیال اکیڈمی میں کیا گیا ہے اور مقام کو منتخب کرنے کا مقصد یہ ہے کہ ایڈیال اکیڈیمی کی بیروت میں واقع برانچ دھماکوں کے بعد مکمل تباہ ہو گئی تھی۔یاد رہے کہ بیروت دھماکوں میں180سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے جبکہ تین لاکھ سے زیادہ بے گھر ہوئے ہیں۔