بیروزگاروں کو بیرون ممالک ملازمت و ویزار کا دھوکہ

,

   

دو ٹراویل ایجنٹس گرفتار ، ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔/30اکٹوبر، ( سیاست نیوز) بے روزگار نوجوانوں کو بیرونی ممالک میں ملازمت فراہم کرنے اور سیاحت کا ویزا فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے دھوکہ دینے والے دو ٹراویل ایجنٹس کو ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے گرفتار کرلیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس ایس چیتنیہ کمار نے کہا کہ 47 سالہ سید یونس اور 42 سالہ محمد جعفر الدین یہ کاروبار چلارہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سید یونس چمپا پیٹ کا ساکن ہے اور اس نے سابق میں سعودی عرب اور جنوبی کوریا کا دورہ کیا تھا۔ مذکورہ ممالک کے ویزا کا حصول آسان نہیں ہے جس کے نتیجہ میں اس نے فرضی لیٹر ہیڈ، اسٹامپ اور دیگر دستاویزات تیار کرتے ہوئے جنوبی کوریا اور سعودی عرب کے ویزے حاصل کرنے لگا۔ اتناہی نہیں بیروزگار نوجوانوں کو جنوبی کوریا میں ملازمت فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا تھا اور مذکورہ ٹراویل ایجنٹ فی امیدوار سے تین تا چار لاکھ روپئے حاصل کرتے تھے۔ پولیس نے کہا کہ قانونی مدت گذرنے کے باوجود بھی جنوبی کوریا میں مقیم افراد کو اے آر سی فراہم کرنے اور پناہ گزین کارڈز دلانے کا وعدہ کرتے تھے۔ ٹاسک فورس پولیس نے علاقہ شاہ علی بنڈہ میں واقع ٹراویل ایجنٹس کے دفتر پر دھاوا کرتے ہوئے وہاں سے فرضی لیٹر ہیڈز، اسٹامپس اور دیگر اشیاء ضبط کرلیا اور انہیں پولیس اسٹیشن شاہ علی بنڈہ کے حوالے کردیا گیا۔