l ملٹی نیشنل کمپنیوں ، بینکوں ، آئی ٹی و مہمان نوازی کے شعبوں میں ملازمتیں دلانے کیلئے اقداماتlماسٹر ٹرینر برکت اللہ خان کی خدمات کا حصول
حیدرآباد ۔ 11 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ہماری ریاست اور شہر میں ایسے ہزاروں لاکھوں نوجوان ہیں جو دسویں جماعت ، انٹر میڈیٹ سے لے کر گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن کی تکمیل کرچکے ہیں ۔ اس کے باوجود ہمارے نوجوانوں کے بارے میں اکثر یہی شکایت کی جاتی ہے کہ وہ کچھ کام کاج نہیں کرتے ۔ پان کے ڈبوں ، ہوٹلوں وغیرہ کے قریب دیکھے جاتے ہیں یا پھر چبوتروں پر گھنٹوں بیٹھے بے فائدہ کی بحث و مباحث میں وقت گذاری کرتے ہیں ۔ ان میں ایسے نوجوان بھی شامل ہیں جنہوں نے ایس ایس سی یا انٹر کامیاب کیا ہے یا پھر گریجویٹ پوسٹ گریجویٹ نوجوان بھی شامل ہیں ۔ یہ تمام کے تمام بیروزگاری کا شکار ہیں ۔ اگر انہیں روزگار دے تو کون دے ؟ پر کشش ملازمتوں کے لیے انہیں تیار کرے تو کون کرے ؟ یہ ایسے سوالات ہیں جو بار بار گردش کرتے ہیں لیکن ان مشکل سوالات کے روزنامہ سیاست اور فیض عام ٹرسٹ نے نہ صرف جوابات دئیے ہیں بلکہ ان مسائل کا حل بھی نکالا ہے ۔ مثال کے طور پر ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین نے اس بات کا تہیہ کیا ہے کہ ملت کے بیروزگار نوجوانوں کو ملٹی نیشنل کمپنیوں ، انفارمیشن ٹکنالوجی کے اداروں گوگل ، بینکنگ سیکٹر ، تعلیمی شعبہ ، مہمان نوازی ، Hospitability ، و دوسری خانگی کمپنیوں و اداروں میں ملازمتیں دلاکر رہیں گے ۔ اس کے لیے روزنامہ سیاست اور فیض عام ٹرسٹ نے آئی ٹی اے یو ایس اے کے ماسٹر ٹرینر اور ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام مرحوم کے شاگرد برکت اللہ خان ( خان سر ) کی خدمات حاصل کی اور ملازمت کے لیے درکار مہارت کی کوچنگ و سرٹیفیکشن پروگرام شروع کیا ۔ آج سے کوچنگ کا آغاز بھی ہوچکا ہے ۔ منیجنگ ایڈیٹر سیاست جناب ظہیر الدین علی خاں نے کوچنگ کا افتتاح بھی انجام دیا ۔ اس موقع پر سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین ، ڈاکٹر مخدوم محی الدین ، سید حیدر علی ( فیض عام کے ٹرسٹیز ) ماہر تعلیم و سابق ڈپٹی ڈی ای او جناب احمد بشیر الدین ، جناب معین الدین ، جناب عبدالوحید ، فیض عام ٹرسٹ کے والینٹرس بھی موجود تھے ۔ ماسٹر ٹرینر برکت اللہ خان کے مطابق جن نوجوان لڑکے لڑکیوں نے ملازمتوں کے لیے اپنے ناموں کا اندراج کروایا انہیں پروفیشنل LSRW انگریزی مہارت ، بزنس کمیونیکیشن اسکیلس ، جاب کے لیے تیاری کی مہارت وغیرہ کی تربیت دی جائے گی ۔ ہفتہ میں 3 دن ، پیر ، چہارشنبہ اور جمعرات ایک دن میں دو گھنٹے تربیت دی جائے گی ۔ 6 ہفتوں کا یہ پروگرام ہوگا ۔ دو شفٹوں میں طلبہ داخلہ لے سکتے ہیں ۔ دوپہر ساڑھے صبح 10-30 تا 2-30 بجے یا شام 7 بجے تا رات 9 بجے ۔ واضح رہے کہ دسمبر 2021 میں آئی آئی ، آئی ٹی ای ایس ، آئی ٹی آئی ایس ، ٹیلیکام ، بینکنگ ، مہمان نوازی ، تعلیم اور فارما جیسے شعبوں میں 40 ہزار ملازمتیں پر کی جانے والی ہیں ۔ مسٹر برکت اللہ خان ٹائیلنٹ امپاورمنٹ سلیوشن کے بانی ڈائرکٹر جب کہ میر مجاہد علی ایچ ٹائیلنٹ امپاورمنٹ سلیوشنس کے ایچ آر ہیں ۔ TES نے اس اہم ترین کام میں سیاست اور فیض عام ٹرسٹ کے ساتھ مل کر محنت کرنے کا فیصلہ کیا ۔ تاکہ ملت کو بیروزگاری کے مسئلہ سے باہر نکالا جاسکے ۔ اس موقع پر جناب ظہیر الدین علی خان اور جناب افتخار حسین کے بشمول معزز شخصیتوں کا کہنا تھا کہ اس مشن کا ہم نے تو آغاز کردیا ہے اگر نوجوان آگے آتے ہیں ۔ بیرونی ممالک کی بجائے اپنے شہر میں اپنی ریاست میں پرکشش ملازمتیں حاصل کرنے کا مقصد رکھتے ہیں تو ان شاء اللہ اس طرح کی کئی برانچس قائم کی جائیں گی ۔ ان شخصیتوں کے خیال میں ہماری نوجوان نسل کو اپنے اخلاق و کردار کے ذریعہ دیگر ابنائے وطن کے دل جیتنے ہوں گے ۔ یہ باوقار روزگار حاصل کرنے کے خواہاں متلاشیان روزگار کے لیے زرین موقع ہے ۔ واضح رہے 3 اکٹوبر کو بھی بیروزگار نوجوانوں کے لیے تربیتی ڈیموکلاسیس کا اہتمام کیا گیا اور 10 اکٹوبر کو بھی اسی طرح کا خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا جس میں ایس ایس سی سے لے کر پوسٹ گریجویٹ کے طلبہ نے شرکت کی ۔ کورس کے لیے تقریبا 100 بیروزگار لڑکے لڑکیوں نے اپنے ناموں کا اندراج کروایا ہے ۔ مزید تفصیلات کے لیے ٹریننگ کوآرڈینٹرس محمد ریحان 8341147564 اور سید عبدالستار سے فون نمبر 6303724936 پر ربط کریں ۔۔