پرتاپ گڑھ : پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت کی نو سال کی سب سے بڑی حصولیابی فسطائیت ،بے روزگاری و مہنگائی میں اضافہ ہے ۔سرمائے داروں کے لئے کام کرنے والی مذکورہ حکومت میں جہاں سرمائے داروں کی دولت میں اضافہ ہوا ہے ،وہیں کچھ ملک چھوڑ کر فرار ہو گئے ۔جس ملک میں آئین و قانون کے برعکس فسطائیت کی بنیاد پر فیصلے لئے جاتے ہوں ،تو ملک کیسے وشواگرو بنے گا ،یہ غور و فکر کی بات ہے ۔ملک کو وشواگرو بنانے کے لئے برابری ،خیرسگالی و امن امان کی ضرورت ہے ،جس میں حکومت ناکام ہے ۔انہوں نے بی جے پی کی مرکزی حکومت کے نو سال پورے ہونے پر اپنے ردعمل میں مذکورہ تاثرات کا اظہار کیا ۔ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ جب سے بی جے پی اقتدار پر قابض ہوئی ہے ،اس نے پارٹی کے آئین پر زیادہ ،اور ملک کے آئین پر کم ترجیح دی ہے ۔بی جے پی اپنے پورے نو سال کے اوقات میں ووٹوں کی سیاست کے تحت پولرائزیشن کا کام کیا ہے ۔ترقی کے برعکس ہندو مسلمان کے مابین خلیج پیدا کر اپنے سیاسی مفاد کے لئے عوام کو گمراہ کرنے کا کام کیا ہے ۔آج بڑھتی مہنگائی و بے روزگاری سے عوام پریشان ہیں ۔
