ہاسپٹل کے روبرو یوتھ کانگریس کا احتجاج، گاندھی بھون میں نوجوان کو خراج عقیدت
حیدرآباد: بیروزگاری سے تنگ آکر کاکتیہ یونیورسٹی کے ایک طالب علم سنیل نائک نے اقدام خودکشی کیا تھا اور نمس میں علاج جاری تھا لیکن آج علاج کے دوران وہ جانبر نہ ہوسکا۔ سنیل نائک نے حکومت کی جانب سے بیروزگار نوجوانوں کیلئے تقررات کے وعدے کی عدم تکمیل پر انتہائی اقدام کیا تھا ۔ سنیل نائک کی موت کی اطلاع ملتے ہی کانگریس پارٹی کی جانب سے احتجاج منظم کیا گیا۔ یوتھ کانگریس کے صدر شیوا سینا ریڈی کی قیادت میں کارکنوں نے نمس کے روبرو احتجاج منظم کیا جس پر پولیس نے حراست میں لے لیا ۔ یوتھ کانگریس کارکنوں نے چیف منسٹر کے سی آر اورحکومت کے خلاف نعرے لگائے ۔ انہوں نے کہا کہ سنیل نائک کی آخری رسومات میں ضلع کے یوتھ کانگریس قائدین اور کارکن حصہ لیں گے ۔ شیواسینا ریڈی نے گاندھی ہاسپٹل پہنچ کر نعش کی منتقلی کے دوران نوجوان کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعش کو محبوب آباد ضلع روانہ کیا ہے۔ یوتھ کانگریس احتجاج کے دوران ہلکی کشیدگی پیدا ہوگئی۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر یوتھ کانگریس نے سنیل نائک کی موت کو سیاسی قتل سے تعبیر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سنیل کی موت کیلئے چیف منسٹر ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی سبکدوشی کی عمر میں تین سال کا اضافہ کیا گیا جسے بیروزگار نوجوان مایوس ہوچکے ہیں۔ روزگار سے محرومی کے اندیشہ کے تحت نوجوان خودکشی پر مجبور ہورہے ہیں۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے سنیل نائک کی موت پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع ختم ہوچکے ہیں۔ سنیل نائک جیسے کئی نوجوان مایوسی کا شکار ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ خودکشی سے گریز کریں کیونکہ کانگریس پارٹی برسر اقتدار آنے کے بعد سرکاری عہدوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کسانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ خودکشی جیسا انتہائی اقدام نہ کریں۔ اسی دوران گاندھی بھون میں اے آئی سی سی ترجمان ڈاکٹر شراون اور دیگر قائدین نے سنیل نائک کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے تصویر پر پھول چڑھائے۔ کانگریس قائدین نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے نوٹیفکیشن فوری جاری کیا جائے ۔