بیروزگاری سے تنگ تعلیم یافتہ نوجوان سنیل کا اقدام خودکشی

   

نمس میں کانگریس قائدین نے عیادت کی، نوجوانوں کو حکومت دھوکہ دے رہی ہے: شراون
حیدرآباد۔ ترجمان اے آئی سی سی ڈاکٹر شراون نے کہا کہ بیروزگاری کے سبب اقدام خودکشی کرنے والے نوجوان سنیل کی موت کی صورت میں کے سی آر و کے ٹی آر پر ذمہ داری عائد ہوگی جو بیروزگار نوجوانوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کررہے ہیں۔ ڈاکٹر شراون نے آج نمس پہنچ کر اقدام خودکشی کرنے والے سنیل کی عیادت کی۔ انہوں نے سنیل کے افراد خاندان سے ملاقات کی اور دلاسہ دیا کہ سنیل جلد صحت یاب ہوں گے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر شراون نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر اور وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ کو چاہیئے کہ وہ روزگار کی فراہمی میں گمراہ کن بیانات کا سلسلہ بند کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں کی بیان بازی کے سبب کئی نوجوان خودکشی کررہے ہیں۔ عثمانیہ یونیورسٹی جے اے سی کے قائد دیاکر اور یوتھ کانگریس کے جنرل سکریٹری پربھاکر کے ہمراہ شراون نے نمس کے ڈاکٹرس سے ملاقات کی اور سنیل کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کی خودکشی کیلئے ٹی آر ایس حکومت ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل سے تعلق رکھنے والے سنیل نے تقررات کیلئے اعلامیہ کی عدم اجرائی پر مایوس ہوکر اقدام خودکشی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنیل جیسے لاکھوں بیروزگار نوجوان حکومت کے رویہ سے مایوس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 50 ہزار جائیدادوں پر تقررات کا اعلان کیا گیا لیکن نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا ہے جس کے نتیجہ میں نوجوان حکومت پر بھروسہ کرنے تیار نہیں ہیں۔ ریاست میں 1.92 لاکھ جائیدادیں مخلوعہ ہیں لیکن حکومت کو تقررات سے کوئی دلچسپی نہیں۔ انتخابات میں کامیابی کیلئے سرکاری ملازمین کے وظیفہ کی عمر میں اضافہ کردیا گیا۔ شراون نے بیروزگار نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ مایوسی کا شکار ہوکر انتہائی قدم اٹھانے سے گریز کریں۔