بیروزگاری کم ہوئی، مہنگائی پر قابوپایاگیا،وزیر فینانس کا دعویٰ

   

نئی دہلی : وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے چہارشنبہ کو راجیہ سبھا میں کہا کہ مودی حکومت کے گزشتہ دس برسوں کے دوران بے روزگاری میں کمی آئی ہے اور مہنگائی پر قابو پایا گیا ہے نیز یہ کہ مرکزی بجٹ -25-2024 میں کسی بھی ریاست کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں کیا گیا ہے ۔ایوان میں مرکزی بجٹ پر تقریباً 20 گھنٹے کی بحث کا جواب دیتے ہوئے سیتا رمن نے کہا کہ مودی حکومت کا بجٹ نوجوانوں، خواتین، کسانوں اور پسماندہ افراد کی فلاح و بہبود پر مرکوز ہے ۔یونائیٹڈ پروگریسو الائنس حکومت کے دور کا مودی حکومت کے دور سے موازنہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی اوسط شرح چھ فیصد سے بھی کم رہی ہے ۔ عوام کو مزید راحت دینے کے لیے حکومت نے بجٹ میں دالوں اور خوردنی تیل کی درآمدی ڈیوٹی کو بڑھا کر پانچ فیصد کرنے کا انتظام کیا ہے ۔ بجٹ میں موبائل فونز اور الیکٹرانکس اشیاء پر درآمدی ڈیوٹی کم کر دی گئی ہے ۔وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کی مسلسل کوششوں سے بیروزگاری کی شرح 3.2 فیصد پر آگئی ہے ۔ حکومت نوجوانوں کی ہنر مندی کے لیے مختلف پروگرام چلا رہی ہے ۔ اعلیٰ تعلیم کے لیے قرضوں کا دائرہ وسیع کیا گیا ہے اور مختص رقم میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ مینوفیکچرنگ انڈسٹری کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے زراعت، تعلیم، روزگار، اسکل ڈویلپمنٹ، شہری ترقی، صحت وغیرہ کے شعبوں میں مختص رقم میں اضافہ کیا ہے جس سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور عام لوگوں کی زندگی آسان ہو گی۔ حکومت کی پالیسی نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے ۔