بیروزگار نوجوانوں کیلئے جدوجہد کرنے کودنڈا رام کا اعلان

   

ملازمتوں کی فراہمی کا مطالبہ، انتخابی وعدوں کی عدم تکمیل

حیدرآباد ۔10۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت بیروزگار نوجوانوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔ تلنگانہ جنا سمیتی بیروزگار نوجوانوں کے ساتھ مل کر حکومت کے خلاف جدوجہد کرے گی ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کودنڈا رام نے کہا کہ نوجوانوں کو نئی ریاست تلنگانہ میں سرکاری ملازمتوں کا وعدہ کیا گیا تھا۔ ایک لاکھ سے زائد مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا اعلان کیا گیا لیکن 6 سال گزرنے کے باوجود نوجوان ابھی تک ملازمتوں کے انتظار میں ہیں۔ 2018 ء میں کے سی آر نے بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ 3016 روپئے الاؤنس دینے کا وعدہ کیا تھا ۔ حکومت کی دوسری میعاد کو ایک سال گزر گیا لیکن آج تک یہ اسکیم تیار نہیں کی گئی ۔ کودنڈا رام نے کانگریس رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی کی گرفتاری کی مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ جان بوجھ کر ان کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ کودنڈا رام نے کہا کہ اسمبلی میں بیروزگار نوجوانوں کے بارے میں کے سی آر کے ریمارکس افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کا بجٹ عوام پر زائد بوجھ عائد کرسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ملازمتوں پر تقررات کے سلسلہ میں اسمبلی میں غلط اعداد و شمار پیش کئے گئے ۔ چیف منسٹر اس مسئلہ پر غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ کودنڈا رام نے کہا کہ صحت اور تعلیم جیسے شعبہ جات کو نظرانداز کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اجازت کے بغیر قائم کردہ خانگی کالجس کے خلاف کارروائی کے موقف میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ جنا سمیتی عوامی مسائل پر بہت جلد جدوجہد کا آغاز کرے گی۔