جاب کیلنڈر کے نام پر دھوکہ دینے کا کے ٹی آر نے کانگریس حکومت پر الزام عائد کیا
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے ملازمتیں فراہم کرنے کے وعدے سے انحراف کے خلاف جمہوری انداز میں احتجاج کرنے والے بیروزگار نوجوانوں کو گرفتار کرنے کی سخت مذمت کی ۔ کے ٹی آر نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راہول گاندھی اشوک نگر چوراستہ پہونچکر بیروزگار نوجوانوں سے ملاقات کی ’ چائے پہ چرچہ ‘ کرتے ہوئے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی ۔ سال میں 2 لاکھ سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کے لیے باضابطہ جاب کیلنڈر جاری کرنے کا وعدہ کیا ۔ ان وعدوں کو یاد دلانے کے لیے شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے مختلف اضلاع سے بیروزگار نوجوان سکریٹریٹ پر پرامن احتجاج درج کرانے پہونچے تھے جنہیں پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے پرامن احتجاج کو زبردستی ختم کرادیا ہے ۔ تلنگانہ کانگریس پارٹی نے دہلی کے قائدین کو حیدرآباد لاکر ’ یوتھ ڈیکلریشن ‘ کا اعلان کرایا مگر ریونت ریڈی کے دیڑھ سالہ دور حکومت میں 10 ہزار ملازمتوں کے لیے بھی نوٹیفیکیشن جاری نہ کرنا بیروزگار نوجوانوں کو بھروسہ دلاکر پیٹھ میں خنجر گھونپنے کے برابر ہے ۔ بی ار ایس کے دور حکومت میں 60 ہزار جائیدادوں پر تقررات کا عمل مکمل ہوچکا تھا اب کانگریس حکومت میں تقرر نامے امیدواروں میں حوالے کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی اس کو کانگریس حکومت کا کارنامہ قرار دینے کی کوشش کررہے ہیں ۔ بیروزگار نوجوان کانگریس پارٹی کو ہرگز معاف نہیں کریں گے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اپنے انتخابی منشور میں ہر سال 2 لاکھ سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ ملازمتوں کی فراہمی کے لیے بیروزگار نوجوان نوٹیفیکیشن کا بڑی بے چینی سے انتظار کررہے ہیں ۔ جاب کیلنڈر کے نام پر دھوکہ دیا گیا ہے جس کی کانگریس پارٹی کو قیمت چکانی پڑے گی ۔۔ 2