گن پارک پر شہیدوں کو خراج ، دو لاکھ جائیدادوں پر تقررات کیلئے چیف منسٹر سے نمائندگی
حیدرآباد ۔ 17 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے شہیدان تلنگانہ کی یادگار پر بیروزگار نوجوانوں کی جانب سے احتجاج میں حصہ لیتے ہوئے اظہار یگانگت کیا۔ راج گوپال ریڈی نے دو لاکھ جائیدادوں پر تقررات سے متعلق حکومت کے وعدے کی تکمیل کیلئے بیروزگار نوجوانوں کے ساتھ جدوجہد میں شامل ہونے کا بھروسہ دلایا ۔ گن پارک پر کئی تعلیمی یافتہ بیروزگار نوجوانوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ دو لاکھ جائیدادوں پر تقررات کا وعدہ پورے ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رکن اسملبی راج گوپال ریڈی نے کہا کہ حکومت نے جو وعدہ کیا تھا ، اس کی تکمیل میں تاخیر ہوئی جس کے نتیجہ میں نوجوانوں میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔ انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ احتجاج اور دھرنے کے وجائے حکومت سے مذاکرات کریں۔ رکن اسمبلی نے کہا کہ وہ اشوک نگر میں واقع سنٹرل لائبریری پہنچ کر بات چیت کیلئے تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 20 ماہ کے دوران 60 ہزار جائیدادوں پر تقررات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے حصول کی جدوجہد میں بیروزگار نوجوانوں کا اہم رول ہے۔ نوجوانوں نے روزگار کیلئے جدوجہد میں حصہ لیا تھا ۔ 10 برسوں کے دوران بی آر ایس حکومت نے بیروزگار نوجوانوں کو فراموش کردیا تھا ۔ گروپ امتحانات بھی منعقد نہیں کئے گئے ۔ بی آر ایس دور حکومت خاندانی حکمرانی اور بدعنوانیوں سے پُر رہا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی عوامی حکومت دو لاکھ جائیدادوں پر تقررات کیلئے سنجیدہ ہے۔ نوجوانوں کو اس سلسلہ میں تحمل سے کام لینا چاہئے ۔ تلنگانہ کے کمزور مالی موقف کے باوجود حکومت فلاحی اسکیمات پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو بھروسہ دلایا کہ آنے والے برسوں میں حکومت نوجوانوں کو روزگار فراہم کرے گی اور دو لاکھ جائیدادوں پر تقررات کا وعدہ پورا ہوگا۔ راج گوپال ریڈی نے تیقن دیا کہ وہ اس سلسلہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی سے نمائندگی کریں گے اور حکومت کے ساتھ مذاکرات کی راہ ہموار کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ نوجوانوں کے مطالبات کی یکسوئی تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔1