بیروزگار نوجوانوں کے لیے عامر علی خاں ایم ایل سی کا ایک اور تحفہ

,

   

سیاست ہب فاونڈیشن کا ہفتہ 9 اگست کو سیاست آڈیٹوریم میں منی جاب میلہ
امیزان ، فلپ کارٹ اور سوئیگی انسٹامارٹ کی شرکت ، دسویں پاس یا فیل نوجوانوں کے لیے بہترین موقع
حیدرآباد ۔ 6 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : قوموں کی ترقی کا راز اس کی تعلیمی اور معاشی ترقی میں پوشیدہ ہوتا ہے ۔ تعلیمی اور معاشی لحاظ سے مستحکم اقوام ہی دنیا میں اپنی موجودگی کا احساس دلاسکتی ہیں اور دوسروں کو یہ بتا سکتی ہیں کہ آپ کے کوئی بھی فیصلے ہمارے بغیر ممکن نہیں ۔ ملک و قوم کی تقدیر کے فیصلے ہمارے بغیر نہیں کئے جاسکتے ہیں ۔ یہ ایسے جملے ہیں جو اکثر نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں ایم ایل سی اپنی تقاریر میں استعمال کرتے رہتے ہیں ۔ اپنی اس سوچ و فکر کے تحت انہوں نے سیاست ہب فاونڈیشن جیسی پہل کا آغاز کیا ہے جس کے تحت باصلاحیت فرزندان و دختران ملت کو مختلف شعبوں میں نہ صرف آگے بڑھنے میں مدد کی جارہی ہے بلکہ ملک و بیرون ملک ملازمتوں کی فراہمی اور تجارتی شعبہ میں رہنمائی کا فریضہ بھی ادا کیا جارہا ہے ۔ سیاست ہب فاونڈیشن نے بیرونی ممالک بالخصوص یوروپی اور خلیجی ملکوں میں پرکشش ملازمتوں کے حصول میں نوجوانان ملت کی رہنمائی کی خاطر ٹامکام سے معاہدہ کیا ہے اور بھرتیوں سے متعلق کئی ایک خصوصی اجلاس بھی منعقد کئے جاچکے ہیں ۔ اب جناب عامر علی خاں ایم ایل سی کی قیادت میں سیاست ہب نے منی جاب میلہ کا اہتمام کیا ہے جس میں امیزان ، فلپ کارٹ ، سوئیگی انسٹامارٹ جیسی کمپنیاں حصہ لیں گی ۔ ہفتہ 9 اگست 2025 کو 11 بجے صبح تا دوپہر 1 بجے منعقد ہورہے اس منی جاب میلہ میں امیدواروں کو اسپاٹ پر ہی جناب عامر علی خاں ایم ایل سی کے ہاتھوں کاغذات تقررات یا اپائنٹمـنٹ لیٹرس دئیے جائیں گے ۔ زاہد فاروقی ڈائرکٹر سیاست ہب فاونڈیشن کے مطابق ایس ایس سی پاس یا فیل امیدوار اس جاب میلے میں شرکت کرسکتے ہیں ۔ انٹر میڈیٹ کامیاب اور گریجویٹ امیدوار بھی شرکت کر کے معقول تنخواہ کی ملازمتیں حاصل کرسکتے ہیں ۔ دفتر سیاست کے سیاست آڈیٹوریم میں یہ منی جاب میلہ منعقد ہوگا ۔ امیدوار آدھار کارڈ وغیرہ اپنے ساتھ لائیں ۔ امیدواروں کی عمر 18 اور 30 سال کے درمیان ہونی چاہئے ۔ زاہد فاروقی ڈائرکٹر سیاست ہب فاونڈیشن نے امیدواروں سے درخواست کی کہ دئیے گئے کیو آر کوڈ کو اسکیان کر کے اپنے نام درج کروائیں یا اس نمبر 9010080300 پر اپنے بائیو ڈاٹا روانہ کریں ۔۔