محکمہ تعلیم کے سابق اعلیٰ عہدیدار ایم ایل سی انتخابات میں آزاد امیدوار
حیدرآباد :۔ رنگاریڈی ، محبوب نگر گریجویٹ حلقہ ( ایم ایل سی ) انتخابات ایسا لگتا ہے کہ اس مرتبہ بہت دلچسپ ثابت ہوں گے ۔ ٹی آر ایس نے سابق وزیراعظم آنجہانی پی وی نرسمہا راؤ کی دختر وانی دیوی کو امیدوار بنایا ہے ۔ جن کے مقابلہ میں بی جے پی ، کانگریس ، تلگو دیشم کے امیدواروں کے ساتھ ساتھ آزاد امیدوار بھی ہیں ۔ آزاد امیدواروں میں ماہر تعلیم ، سماجی جہدکار و قانون داں محمود علی ( علی محمد ) نمایاں ہے ۔ وہ آفیسر فرسٹ ڈسٹرکٹ انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن آر آر ڈسٹرکٹ ، ڈسٹرکٹ انٹر میڈیٹ ووکیشنل آفیسر ضلع رنگاریڈی کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں ۔ Let us serve فاونڈیشن کے بانی اے آئی ایم بی او کے قومی صدر بھی ہیں ۔ 33 سالہ سرکاری خدمات کے دوران انہوں نے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں ۔ تعلیم پر ایک انگریزی کتاب کے مصنف ہیں ۔ مزید چار کتابوں کی اشاعت عمل میں آنے والی ہے ۔ جناب محمود علی نے ریاست کے مختلف کالجس میں لکچرر اور پرنسپل کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دی ہیں ۔ زوالوجی سے ایم ایس سی اور عثمانیہ سے ایل ایل بی کرنے والے جناب محمود علی انڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک اڈمنسٹریشن کے لائف ممبر بھی ہیں ۔ 100 سے زائد مواضعات میں سماجی خدمات انجام دینے کا ریکارڈ رکھتے ہیں ۔ جناب محمود علی کے مطابق وہ غیر جمہوری طاقتوں کے خلاف مقابلہ کررہے ہیں اور ان کا مقصد بے روزگار گریجویٹس کو روزگار کی فراہمی کو یقینی بنانا ، مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کروانا اور بیروزگار نوجوانوں کی بہتر انداز میں رہنمائی کرنا ہے ۔ وہ چاہتے ہیں کہ گریجویٹس کے لیے ایسا نظام بنایا جائے جس سے گریجویشن کے فوری بعد انہیں ایسے کورس کرنے میں مدد ملے جس سے وہ روزگار سے مربوط ہوں ۔ جناب محمود علی کے بارے میں ان کے رفقاء کا کہنا ہے کہ وہ ایک بہترین اڈمنسٹریٹر ، ایک دیانتدار سماجی جہدکار ، ہمدرد ماہر تعلیم ، ہومیو پیتھی کے ماہر اور بہترین قانون داں ہیں جو غریبوں کو مفت قانونی امداد فراہم کرتے ہیں ۔ جناب محمود علی کا دعویٰ ہے کہ انہیں اہم شخصیتوں اور گریجویٹس کی تائید حاصل ہورہی ہے ۔۔