بیرونی سیاحوں کی میزبانی میں سعودی عرب ’’جی 20‘‘ ممالک میں سرفہرست

   

ریاض : جی 20 ممالک کے وزرائے سیاحت کے اجلاس میں بتایا گیا کہ ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق سال 2022 کے پہلے 7 ماہ میں بیرون ممالک سے آنے والے سیاحوں کی میزبانی کے حوالے سے سعودی عرب سب سے آگے نکل گیا ہے۔سال 2022 کے لئے 20 ملکوں کا اجلاس انڈونیشیا کی صدارت میں ہوا۔ 20 ملکوں کے وزرا کا یہ اجلاس ’’اکٹھے ہم زیادہ مضبوط ہوکر نکلیں گے‘‘ کے نعرہ کے تحت منعقد کیا گیا تھا۔سعودی عرب کے وزیر سیاحت احمد بن عقیل الخطیب نے اس کامیابی پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کو مبارکباد پیش کی اور ان کے لئے دعا بھی کی۔ احمد بن عقیل نے کہا دانشمند قیادت کی ہدایات کے مطابق حاصل ہونے والی یہ کامیابی عالمی سیاحت کے نقشے پر مملکت کے مقام کو بڑھائے گی۔ یہ کامیابی مملکت کی انتھک کوششوں کے باعث ممکن ہوئی۔ اس سے سعودی عرب کے ’’ ویژن 2030‘‘ کے تحت اپنی معیشت کو با اختیار بنانے اور شعبہ سیاحت کے فروغ کی پالیسی کی بھرپور عکاسی بھی ہوتی ہے۔