بیرونی سیاحوں کے تحفظ پر خصوصی توجہ دینے چیف منسٹر کی ہدایت

   

ڈپٹی چیف منسٹر کے ہمراہ جائزہ اجلاس، حیدرآباد ایرپورٹ پر سیکوریٹی میں اضافہ
حیدرآباد ۔ 7۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے آپریشن سندور کے پس منظر میں ماک ڈرل کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر نے ریاست بھر میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کیلئے عہدیداروں کو سخت چوکسی کی ہدایت دی۔ تمام سرکاری محکمہ جات کو بہتر تال میل کے ذریعہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مشورہ دیا گیا ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے اشیائے ضروریہ کی سربراہی کے موقف کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں اشیائے ضروریہ کی سربراہی میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو اور عہدیدار اس بات کو یقینی بنائیں کہ قلت پیدا نہ ہو۔ حیدرآباد اور اس کے اطراف فوج اور بحریہ کے دفاتر پر سیکوریٹی میں اضافہ کی ہدایت دی گئی ۔ حیدرآباد میں واقع فوجی تنصیبات کے علاوہ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر سیکوریٹی میں اضافہ کی ہدایت دی گئی ۔ تلنگانہ کا دورہ کرنے والے بیرونی سیاحوں کی سیکوریٹی پر خصوصی توجہ کی ہدایت دی گئی ۔ انٹلیجنس ٹیموں کو سنٹرل انٹلیجنس کے ساتھ اطلاعات کے تبادلہ کے ذریعہ کمانڈ کنٹرول سنٹر میں انفارمیشن سنٹر کے قیام کی ہدایت دی گئی۔ چیف منسٹر عہدیداروں سے کہا کہ حالات کے معمول پر آنے تک ریاست بھر میں چوکسی کو برقرار رکھا جائے۔1