ٹکٹ کی رقم عاقدین کیلئے مختص ، کمپنی کو معمولی کمیشن ، ویب سائیٹ پر اعلان کے بعدصنعت میں تبدیل
حیدرآباد۔23فروری(سیاست نیوز) اپنی شادی میں بیرون ملک مہمان کو مدعو کیجئے اور پیسے کمائیے۔جی ہاں ہندستانی تہذیب کے دلدادہ بیرونی شہری ہندستانی روایتی شادیوں میں مہمان بننے کیلئے ٹکٹ خریدنے لگے ہیں اور اب یہ معاملہ ایک تجارت کی شکل اختیار کرچکا ہے۔2016 میں ایک کمپنی کی جانب سے ایک شادی میںغیر ملکی مہمانوں کو شرکت کے لئے ٹکٹ کا اعلان کرتے ہوئے انہیں مدعو کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس کا اعلان ویب سائٹ پر کیا گیا جس پر اس شادی کی تقریب کے لئے 100 سے زائد مہمانوں نے ٹکٹ خریدتے ہوئے اسے کاروباری صنعت بنانے پر داعی کو مجبور کردیا۔ایک ٹکنالوجی کمپنی کے بانی نے اپنے پارٹنر کی شادی میں تجرباتی اساس پر ایسا کرنے کا فیصلہ کیا جس پر مثبت ردعمل حاصل ہوا جس کے سبب اس نے اب اسے باضابطہ صنعت کی شکل دے دی ہے اور کہا جا رہاہے کہ ہندستانی شادی کی تقاریب میں شرکت کرنے والے غیر ملکیوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہاہے ۔بتایاجاتا ہے کہ شادی میں شرکت کرنے والے سیاح ٹکٹ حاصل کرتے ہوئے شرکت کرتے ہیں اور مہمان کی طرح تقریب سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور ان کی جانب سے ٹکٹ کے لئے جو رقم ادا کی جاتی ہے وہ عاقدین کے حوالہ کی جاتی ہے اور کمپنی جو شادی کی تقریب کے ٹکٹ فروخت کرتی ہے وہ اس میں معمولی کمیشن حاصل کرلیتی ہے۔دنیا بھر میں ہندستانی شادی کی تقاریب بالخصوص غیر مسلموں کی طویل تقاریب کے کافی چرچے ہیں اور لوگ بالخصوص مغربی ممالک کے شہریوں کے لئے یہ طویل مدتی تقاریب کسی تفریح سے کم نہیں ہوتی اسی لئے وہ ان تقاریب کا حصہ بننے میں خوشی محسوس کر رہے ہیں اور ٹکٹ خرید کردعوتوں سے لطف اندوز ہونے لگے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ 2016 میں شروع ہوئی اس صنعت کو فروغ حاصل ہورہا ہے کیونکہ ہندستان میں سالانہ 10 لاکھ شادیاں ہوتی ہیں اور بڑی شادی کی تقاریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں میں بیرونی مہمان رہنے لگے ہیں۔