بیرونی طاقتوں نے ہمارے خلاف ہائبرڈ جنگ چھیڑ رکھی ہے:پوتن

   

ماسکو : روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ بیرونی طاقتیں ہمارے خلاف ہائبرڈجنگ اور غیر قانونی پابندیاں لگانے میں مصروف ہے۔پوتن نے ہندوستان کی میزبانی میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے بذریعہ ویڈیو کانفرنس خطاب کیا۔ روسی صدر نے کہا کہ دنیا میں جیو پولیٹک اختلافات زور پکڑ چکے ہیں،عالمی سلامتی نظام تنزلی کا شکار ہے جبکہ ترقی یافتہ ممالک کے لا محدود قرضہ جات کا بوجھ عالمی معیشت اور مالی بحران کے خطرات پیدا کر رہا ہے جس کے نتیجے میں سماجی خلیج اور غریبی بڑھ رہی ہے ، خوراک و ماحولیات کا تحفظ برباد ہو رہاہے اور یہ تمام مسائل تصادم کا خطرہ پیدا کر رہے ہیں جس کا روس پر بھی براہ راست اثر ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بیرونی طاقتیں پڑوسی ملک یوکرین میں ایک طویل عرصے سے روس مخالف ریاست کے قیام پر عمل پیرا ہیں ،ان طاقتوں کا مقصد روس کی سلامتی اور اس کی ترقی کو مسدود کرنا ہے،ہمارے خلاف ہائی برڈ جنگ جاری ہے اور غیر قانونی پابندیوں کا جال بچھایا جا رہا ہے،روس ان تمام پابندیوں کے خلاف مزاحمت کر رہا ہے اور کرتا رہے گا۔صدر نے کہا کہ روس پر عزم طریقے سے استحکام برقرار رکھے ہوئے ہے،ہماری عوام متحد ہے جبکہ سیاسی حلقوں نے ویگنر کی بغاوت کے خلاف بہترین اتحاد کابھی مظاہرہ کیا ہے۔پوتن نے شنگھائی تعاون تنظیم کو روس کی حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ روابط مزید مضبوط ہونگے۔