بیرونی غیرملکی سرماریہ کاری راغب کرنے میں تلنگانہ کو آٹھواں مقام

   


گجرات کو پہلا، مہاراشٹرا کو دوسرا، کرناٹک کو تیسرا اور آندھراپردیش کو بارہواں مقام

حیدرآباد : غیرملکی براہ راست سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کو راغب کرنے کے معاملہ میں ریاست تلنگانہ کو سارے ملک میں 8 واں مقام حاصل ہوا ہے۔ سنٹرل انڈسٹریز اینڈ انٹرنل ٹریڈ پرموشن ڈیویژن (ڈی پی آئی آئی ٹی) کے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار میں اس کا علم ہوا ہے۔ رواں مالیاتی سال 2020-21ء کے اپریل تا ڈسمبر کے 8 ماہ کے دوران تلنگانہ میں 6,466 کروڑ روپئے کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ہوئی ہے جو ملک میں کی گئی جملہ ایف ڈی آئی کا 2 فیصد ہے۔ اکٹوبر 2019ء سے ڈسمبر 2020ء تک جملہ 11,331,61 کروڑ کی سرمایہ کاری ہوئی جو 2.4 فیصد ہے۔ اکٹوبر 2019ء سے ڈسمبر 2020ء تک ملک بھر میں مجموعی طور پر 5,54,613,65 کروڑ روپئے کی ایف ڈی آئی ہوئی جس میں 31.92 فیصد کے ساتھ گجرات سرفہرست ہے۔ جہاں 1,77,052 کروڑ روپئے کی ریاست میں بیرونی سرمایہ کاری ہوئی۔ 1,53,351 کروڑ روپئے کی بیرونی سرمایہ کاری کے ساتھ مہاراشٹرا دوسرے نمبر پر ہے جس کا تناسب 27.65 فیصد ہے۔ ساتھ ہی 78,159 کروڑ کی سرمایہ کاری کے ساتھ کرناٹک تیسرے نمبر پر ہے۔ 59.830 کروڑ کی سرمایہ کاری کے ساتھ دہلی چوتھے مقام پر ہے۔ 19,733 کروڑ کے ساتھ تاملناڈو و پانچویں مقام پر ہے۔ 1,975,74 کروڑ کے ساتھ آندھرپردیش 12 ویں مقام پر ہے۔ خدمات کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری سب سے زیادہ مالی خدمات جیسے مالی، بینکاری، غیرمالی، اوٹ سورسنگ، تحقیق و ترقی، کورئر، ٹیکنالوجی، ٹسنگ اور تجزیہ ایف ڈی آئی کا 16 فیصد ہے۔ اس کے بعد کمپیوٹر سافٹ ویر اور ہارڈویر انڈسٹری میں 13 فیصد سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ ٹیلی مواصلات میں 7 فیصد تجارت میں 6 فیصد تعمیرات میں 5 فیصد آٹو صنعت میں 5 فیصد بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں 5 فیصد کمیکل میں 4 فیصد اور فارما میں 3 فیصد ہوٹل اور سیاحت میں 3 فیصد بیرونی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔