بیرونی ممالک سے آنے والوں میں کورونا کی علامات ،90 سے زائد کی نشاندہی

   

کئی افراد گاندھی ہاسپٹل منتقل ، شیر لنگم پلی کے ایک ہی خاندان کے 5 افراد متاثر
حیدرآباد۔/26 مئی، ( سیاست نیوز) بیرونی ممالک سے وطن واپس ہونے والے افراد میں کورونا پازیٹیو پائے جانے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ گزشتہ تین دنوں میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں بیرونی ممالک سے آنے والے 90 افراد میں کورونا کی علامتیں پائی گئیں جس کے بعد انہیں علاج کیلئے مختلف ہاسپٹلس منتقل کردیا گیا۔ دونوں ریاستوں میں 9 مئی سے بیرونی ممالک سے واپسی کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ میں ایک دن میں 18 بیرونی افراد میں کورونا کی علامتیں پائی گئیں جبکہ آندھرا پردیش میں 45 بیرونی افراد کورونا سے متاثر پائے گئے۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ گزشتہ دو تین دنوں میں بیرونی ممالک سے آنے والے افراد میں کورونا کی علامتیں ظاہر ہورہی ہیں۔ حکومت نے بیرونی ممالک سے آنے والوں کیلئے کورنٹائن کی مدت کو 14 دن سے گھٹا کر 7 دن کردیا ہے لیکن کورونا کے کیسس میں اضافہ نے عہدیداروں کی تشویش بڑھادی ہے۔ پیر کے دن تلنگانہ میں 3 اموات کے ساتھ 66 کورونا پازیٹیو کیسس پائے گئے جن میں 18 بیرونی ممالک سے واپس ہونے والے اور 15 مائیگرنٹ لیبرس ہیں۔ مہاراشٹرا سے واپس ہونے والے مائیگرنٹ لیبرس میں کورونا کی علامتیں پائی جارہی ہیں۔ تلنگانہ میں کورونا پازیٹیو کیسس کی تعداد بڑھ کر 1920 ہوچکی ہے جبکہ 1162 علاج کے بعد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ آندھرا پردیش میں کورونا پازیٹیو کیسس کی تعداد بڑھ کر 2886 ہوچکی ہے۔ اسی دوران راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایر پورٹ پر بیرونی ممالک سے آنے والے 28 افراد میں کورونا کی علامتیں پائی گئیں۔ گزشتہ تین دن کے دوران 28 کورونا پازیٹیو کیسس ایر پورٹ حکام کیلئے بھی تشویش کا باعث بن چکے ہیں۔ ان میں سے 6 کا تعلق کویت سے ہے جبکہ دوسرے جرمنی اور دوبئی سے واپس ہوئے ہیں۔ کورونا پازیٹیو پائے جانے کے بعد انہیں مختلف ہوٹلوں میں کورنٹائن رکھا گیا ہے۔ اگر کورنٹائن کے دوران پازیٹیو ٹسٹ آتا ہے تو انہیں ہاسپٹل منتقل کیا جائے گا۔ کورنٹائن کی مدت کے دوران میڈیکل ٹیمیں باقاعدگی کے ساتھ ان کی صحت کی نگرانی کررہی ہیں۔بیگم پیٹ میں واقع ایک کورنٹائن سنٹر میں موجود 5 افراد میں کورونا پازیٹیو پایا گیا جس کے بعد انہیں گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ نظام آباد سے تعلق رکھنے والے 4 اور آندھرا پردیش کے مغربی گوداوری سے تعلق رکھنے والے ایک شخص میں کورونا کی علامات پائی گئیں۔ یہ پانچوں بیرونی ممالک سے واپس ہوئے تھے۔ اسی دوران شیرلنگم پلی علاقہ میں ایک ہی مکان میں پانچ افراد میں کورونا کی علامتیں پائی گئیں۔ ایک سافٹ ویر انجینئر کے مکان میں پانچ افراد کورونا سے متاثر پائے گئے جن میں سافٹ ویر انجینئر کی اہلیہ اور بچے شامل ہیں۔ ان تمام کو گاندھی ہاسپٹل منتقل کردیا گیا۔