کورونا سے نمٹنے کے لیے تین مراحل میں ایکشن پلان، عہدیداروں کے ساتھ اعلی سطحی اجلاس
حیدرآباد۔ 25 مارچ (سیاست نیوز) وزیر امارات و شوارع پرشانت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ عوام کو کورونا وائرس کے خطرات سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیں تاکہ عوام ہجوم کے مقامات سے گریز کرسکیں۔ پرشانت ریڈی نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے اقدامات اور لاک ڈائون پر اعلی سطحی جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ ضلع کلکٹر کاماریڈی اور سپرنٹنڈنٹ پولیس کے علاوہ محکمہ جات صحت اور بلدیہ کے کمشنرس نے اجلاس میں شرکت کی۔ پرشانت ریڈی نے بیرونی ممالک سے آنے والے افراد پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت دی اور کہا کہ ایسے افراد کو مقررہ مدت تک اپنے گھروں میں بند رہنا چاہئے۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ بیرونی ممالک سے آنے والے افراد خلاف ورزی نہ کریں۔ پرشانت ریڈی نے کہا کہ ایسے افراد کے پڑوسیوں اور علاقوں میں رہنے والے افراد سے معلومات حاصل کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کے لیے حکومت نے تین مراحل میں احتیاطی تدابیر پر مشتمل ایکشن پلان تیار کیا ہے۔ پہلے منصوبے کے تحت سرکاری ہاسپٹلس میں 100 اور خانگی ہاسپٹلس میں 25 اضافی بستروں کا انتظام کیا جائے گا۔ یلاریڈی کے ڈگری کالج میں 100 بستروں پر مشتمل آئیسولیشن سنٹر کے قیام کی تیاری کی گئی ہے۔ کاماریڈی ضلع میں 526 گرام پنچایتیں ہیں۔ ان تمام میں خصوصی مراکز کے قیام کے لیے مہم چلائی جارہی ہے۔ چیف منسٹر نے سفید راشن کارڈ ہولڈرس کے لیے 12 کیلو چاول اور 1500 روپئے کا اعلان کیا ہے۔ ضلع میں 8 لاکھ 73 ہزار سفید راشن کارڈ گیرندے ہیں جنہیں بہت جلد پیکیج دیا جائے گا۔ پرشانت ریڈی نے کہا کہ ریاست میں 10 ہزار میٹرک ٹن چاول کی ضرورت ہے اور حکومت کے پاس 5 ہزار میٹرک ٹن چاول دستیاب ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اشیائے ضروریہ کی خریدی کے سلسلہ میں غیر ضروری عجلت نہ کریں اور تاجروں کو زائد قیمت پر فروخت کی اجازت نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ کل سے چاول اور رقمی امداد کی تقسیم کا آغاز ہوگا اور عہدیداروں کو متحرک کردیا گیا ہے۔ ضلع میں ابھی تک 14 افراد کو شبہ کی بنیاد پر حیدرآباد منتقل کیا گیا ان میں سے صرف ایک کا نتیجہ پازیٹیو پایا گیا۔ ریونیو، ہیلتھ اور پولیس محکمہ جات پر مشتمل کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔
