بیرونی ممالک سے سونے کی اسمگلنگ ‘ شمس آباد ائرپورٹ پر حکام کی چوکسی

   

حالیہ عرصہ میں کئی افراد گرفتار ۔ نوجوانوں کو لالچ کا شکار ہونے کی بجائے محنت پر توجہ کا مشورہ
حیدرآباد۔30نومبر(سیاست نیوز) راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر سونے کی اسمگلنگ کے نت نئے طریقۂ کار کا انکشاف ہو رہا ہے اور سونے کو پکڑنے میں شمس آباد ائیر پورٹ پر کسٹمس عہدیدار متحرک ہیں ۔ گذشتہ چند ماہ میں بھاری مقدار میں سونے کو پکڑنے کے واقعات پیش آچکے ہیں۔ خلیجی ممالک میں سونے کی قیمت کم ہونے سے اسمگلنگ کوئی نئی بات نہیں ہے اور گذشتہ کئی برسوں سے یہ سلسلہ جاری ہے اور اب حالیہ عرصہ میں راجیو گاندھی ائیر پورٹ پر اسمگلنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی میں شدت پیدا ہوئی ہے ۔ روزانہ کم از کم ایک مسافر کو اسمگلنگ کے الزام میں حراست میں لیا جارہا ہے ۔ کسٹمس عہدیدارو ںنے بتایا کہ اس میں ملوث افراد معصوم نوجوانوں کی زندگیوں کو تباہ کر رہے ہیں اور انہیں بیرونی سفر اور آسان آمدنی کا لالچ دے کر خلیجی ممالک روانہ کرر ہے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ اگر وہ گرفتار ہو تے ہیں تو کسٹم ڈیوٹی ادا کرکے انہیں نکال لیا جائے گا ۔ سونے کی اسمگلنگ ہی درست نہیں ہیں اور اسمگلرس کے سبز باغ کا شکار ہونے کی بجائے نوجوانوں کو محنت سے آمدنی پر توجہ دینی چاہئے ۔ائیر پورٹ عہدیداروں نے بتایا کہ کسٹمس کی مستعدی کے سبب کئی کیرئیر جو سونے کی اسمگلنگ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں وہ گرفتار ہورہے ہیں۔حالیہ عرصہ میں جن نت نئے طریقہ کار اختیار کئے گئے ان میں چاکلیٹ باکس کے علاوہ پاؤڈر کے ڈبوں میں سونا اسمگل کرنے کی کوشش کے علاوہ سیال مادہ کی شکل میں اسمگل کرنے کی کوششیں شامل ہیں علاوہ ازیں گذشتہ دنوں سوٹ کیس پٹی اور دیگر تاروں کی شکل میں سونا اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنایا گیا ہے ۔سونا لانے کی کوشش کو ناکام بنایا جارہا ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ اصل سرغنوں تک رسائی حاصل کی جائے ۔ ائیر انٹلیجنس کو بھی مطلع کیا جاچکا ہے کہ وہ اسمگلنگ میں ملوث سرغنوں پر نظر رکھیں علاوہ ازیں سابق میں ان سرگرمیوں میں ملوث افراد پر بھی کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔م