ایرپورٹ پر میڈیکل ٹسٹ اور اپنے خرچ پر 14 دن کورنٹائن،ہوٹلوں سے حکام کا ربط، چیف سکریٹری کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔6۔ مئی(سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے بیرونی ممالک سے تلنگانہ واپس ہونے والے ہندوستانی شہریوں کی خصوصی پروازوں کے سلسلہ میں آج اعلیٰ سطحی اجلاس میں جائزہ لیا ۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ وزارت داخلہ حکومت ہند نے بیرونی ممالک میں پھنسے ہوئے ہندوستانی شہریوں کی واپسی کے سلسلہ میں احکامات جاری کئے ہیں ۔ ہندوستانیوں کی واپسی کے بارے میں بعض گائیڈ لائینس جاری کی گئیں۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ 6 مختلف ممالک سے 7 فلائٹس تقریباً 2350 مسافرین کے ساتھ حیدرآباد واپس ہوں گی۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کورنٹائن اور ایرپورٹ پر میڈیکل اسکریننگ کے انتظامات کریں اور وزارت خارجہ کی جانب سے مقرر کردہ نوڈل آفیسرس کے ساتھ مل کر کام کریں ۔ حکومت ہند کی گائیڈ لائینس کے مطابق آنے والے مسافرین کو اپنے خرچ پر کورنٹائن رہنا ہوگا ۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ہوٹلوں سے بات چیت کرتے ہوئے 14 دن کا پیاکیج تیار کریں تاکہ مسافرین کی گنجائش کے اعتبار سے قیام کی سہولت رہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ریگولر چیک اپ کیلئے باقاعدہ میڈیکل ٹیموں کا انتظامات کیا جائے۔ ایرپورٹ سے کورنٹائن سنٹرس منتقلی کیلئے مینجنگ ڈائرکٹر آر ٹی سی کو بسوں کے انتظام کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ جائزہ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری میڈیکل اینڈ ہیلتھ شریمتی شانتی کماری ، پرنسپل سکریٹریز سنیل شرما ، وکاس راج ، جتیندر آئی پی ایس ایڈیشنل ڈی جی لاء اینڈ آرڈر ، سندیپ کمار سلطانیہ سکریٹری پنچایت راج، راہول بوجا سکریٹری سماجی بھلائی ، لوکیش کمار کمشنر جی ایچ ایم سی ، سجنار کمشنر سائبر آباد ، رگھونندن راؤ کمشنر پنچایت راج ، نیتو پرساد کمشنر کمرشیل ٹیکس ، اروند سنگھ ڈائرکٹر پروٹوکول کے علاوہ ایرپورٹ امیگریشن اور دیگر محکمہ جات کے عہدیدار شریک تھے۔