بیرونی ممالک میں روزگار کی فراہمی کو وزارت خارجہ کا مکمل تعاون

   

چیف سکریٹری شانتی کماری سے اوصاف سعید اور دیگر عہدیداروں کی ملاقات، تلنگانہ کے ادارہ کی کارکردگی کا جائزہ
حیدرآباد۔21۔اپریل (سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے کہا کہ تلنگانہ اوورسیز میان پاور کمپنی کے ذریعہ بیرونی ممالک میں روزگار کے خواہشمند افراد کی مناسب رہنمائی کی جارہی ہے۔ یہ ادارہ ملازمین اور آجرین کے درمیان خلیج کو پُر کرنے میں اہم رول ادا کر رہا ہے۔ چیف سکریٹری نے وزارت داخلہ کے عہدیداروں سے درخواست کی کہ تلنگانہ اوورسیز میان پاور کمپنی کے پروگراموں میں توسیع کیلئے تعاون کریں۔ یہ ادارہ ریاستی حکومت کا مسلمہ ہے۔ چیف سکریٹری نے وزارت خارجہ کے عہدیداروں کے ساتھ بی آر کے بھون میں اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں نوجوانوں کو اسکل ڈیولپمنٹ اور ٹریننگ کے ذریعہ بہتر روزگار کے حصول میں مدد کی جارہی ہے۔ حکومت نے تلنگانہ اوورسیز میان پاور کمپنی کے ذریعہ مختلف پروگراموں کی تربیت کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف سکریٹری نے بیرونی ممالک جانے والے امیدواروں کیلئے اورینٹیشن پروگرام منعقد کرنے پر وزارت خارجہ سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے مرکزی وزارت اسکل ڈیولپمنٹ کے ذریعہ حیدرآباد میں انڈیا انٹرنیشنل اسکل سنٹر کے قیام کی سفارش کرنے کی خواہش کی۔ تلنگانہ کے اشتراک کے ساتھ یہ مرکز قائم کیا جائے گا۔ وزارت خارجہ نے اوورسیز معاملات کے عہدیدار ڈاکٹر اوصاف سعید نے ریاستی حکومت کو تیقن دیا کہ تلنگانہ اوورسیز میان پاور کمپنی سے مکمل تعاون کیا جائے گا تاکہ امیدواروں کی بہتر رہنمائی ہو۔ اوصاف سعید نے بتایا کہ وزارت خارجہ نے مختلف ممالک میں روزگار کے مواقع کا جائزہ لیا ہے اور تلنگانہ کی روزگار سے متعلق پروگراموں میں ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ میان پاور کمپنی کے سی ای او وشنو وردھن ریڈی نے پاور پوائنٹ پریزینٹیشن کے ذریعہ ادارہ کی کارکردگی سے واقف کرایا۔ اس موقع پر ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار ، اسپیشل چیف سکریٹری لیبر رانی کمودنی ، پرنسپل سکریٹری انڈسٹریز جیش رنجن ، جوائنٹ سکریٹری برہما کمار ، سشیل کمار مینا انڈر سکریٹری اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ر