نئی دہلی : آئی پی ایل کے چیرمین برجیش پٹیل نے کہا کہ آئی پی ایل کے ملتوی ہوجانے کے بعد بیرونی کھلاڑیوں کی وطن واپسی کے انتظامات کیلئے بی سی سی آئی راستے تلاش کریگا۔ سن رائزس حیدرآباد کے وکٹ کیپر بیٹسمین وریدھیمان ساہا اور سینئر بولر امیت مشرا کے کورونا سے متاثر ہونے کے بعد آج رواں آئی پی ایل کو غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے جس کے بعد ٹورنمنٹ میں شریک بیرونی کھلاڑیوں کی وطن واپسی کا مسئلہ ہے جس پر آئی پی ایل کے چیرمین نے کہا ہیکہ ہم نے بیرونی کھلاڑیوں کو وطن واپس روانہ کرنا ہے اور ان کیلئے انتظامات کی ہر ممکنہ کوشش کی جائے گی۔ دولتمند ٹورنمنٹ میں کئی بیرونی کھلاڑی شرکت کررہے ہیں لیکن ان کی وطن واپسی اس لئے مشکل کی صورتحال سے دوچار ہوچکی ہے کیونکہ بیشتر ممالک نے ہندوستان میں کورونا کے بحران کی وجہ سے سفری پابندی عائد کردی ہے۔ بی سی سی آئی نے بیرونی کھلاڑیوں کو طمانیت دی ہیکہ وہ محفوظ طریقہ سے انہیں اپنے وطن جلد از جلد پہنچانے کے انتظامات کریگا۔ پیر کی صبح کامنٹریٹر مائیکل سلیٹر نے آئی پی ایل سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے مالدیپ روانہ ہوگئے لیکن انہوں نے اپنے ملک آسٹریلیا کے وزیراعظم اسکاٹ ماریسن پر شدید تنقید کی کیونکہ انہوں نے ہندوستان سے آنے والوں پر سفر کی جو پابندی عائد کی ہے وہ 15 مئی تک جاری رہے گی جس کو کرکٹر نے ذلت آمیز فیصلہ قرار دیا ہے۔