بیرون ملک سے آنے والے مدور کے نوجوان گھر پر مقید باہر نہ نکلنے سرکل انسپکٹر اور تحصیلدار کا حکم

   

حسن آباد۔19 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مہلک مرض و متعدی وبا کورونا وائرس کے ریاست تلنگانہ میں بڑی تیزی کے ساتھ پھیلائو سے گہری تشویش میں مبتلا ریاستی حکومت نے حفظ ماتقدم کے تحت درکار تمام تر ضروری اقدامات کررہی ہے۔ اس ضمن میں مختلف بیرونی ممالک سے وطن واپس ہونے والے افراد کی شناخت وطبی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ حکام کی جانب سے فراہم کردہ اطلاعات کی بنیاد پر آج سرکل انسپکٹر چیریال ایل رگھو، مدور معاون پولیس سب انسپکٹر رئیس، تحصیلدار ای نریندر نے 20 فروری کے بعد مختلف ممالک سے مدور منڈل کے مختلف مواضعات کو پہنچنے والے افراد سے ملاقات کرتے ہوئے کونسلنگ کی۔ تیز طبی جانچ پڑتال کرتے ہوئے خود کو گھروں پر مقید رہنے اور آئندہ 14 دنوں تک گھر سے باہر نہ آنے کا حکم دیا۔ تحصیلدار مدور ای نریندر کے بموجب مدور منڈل کے مواضعات کوٹی گل، لنگاپور، جالاپلی کو خلیجی ممالک سے 3 افراد جاریہ ماہ کے پہلے ہفتہ وطن واپس ہوئے جن کی طبی تشخیص کی گئی۔ نیز 14 دنوں تک ارکان خاندان سمیت کسی سے بھی ملاقات نہ کرنے کی ہدایت دی گئی۔ چیریال منڈل کے موضع مشتیال کو امریکہ سے پہنچنے والے جوڑے کے علاوہ علی آباد موضع کو سعودی عربیہ سے واپس ہونے والے 4 نوجوان اور چیریال ٹائون کو امریکہ سے واپس ہونے والی طالبہ کی بھی جانچ پڑتال تحصیلدار شلیجا، سب انسپکٹر موہن بابو، منڈل آفیسر رام پرساد نے کرتے ہوئے احتیاطی اقدامات کے طور پر خود کو اپنے کمروں تک محدود و مقید کردینے کا حکم دیا۔