نئی دہلی۔23مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام)مرکز نے پیر کی رات اُن تمام مسافرین کو روک دینے کا فیصلہ کیا جو 107 ایمیگریشن چک پوائنٹس سے ملک میں داخل ہوسکتے ہیں جن میں تمام ایرپورٹس ، سی پورٹس ، لینڈ پورٹس، ریل پورٹس اور ریور پورٹس شامل ہیں۔ مرکزی وزارت داخلہ نے ایک اعلامیہ میں کہا کہ یہ فیصلہ عالمی وباء کورونا وائرس کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ تجارت کیلئے مال یا استعمال کی ضروری اشیاء لے جانے والی گاڑیاں اور ٹرینیں اس امتناع سے مستثنیٰ ہوں گے ۔ اُن کے ساتھ متعلقہ عملہ جیسے ڈرائیور وغیرہ کو اسکریننگ سے گذرنا ہوگا۔