عوام کو دھوکہ بازوں سے ہوشیار رہنے کا مشورہ، وی سی سجنار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/12 اکٹوبر، ( سیاست نیوز)سائبر آباد پولیس نے بیرونی ممالک میں ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپئے لوٹنے والی ایک ٹولی کو بے نقاب کردیا اور 4 افراد بشمول ایک ناگلینڈ سے تعلق رکھنے والی خاتون کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر تین کا تعلق نائیجریا سے بتایا گیا ہے۔ مختلف طریقوں سے ملک میں قدم رکھنے کے بعد یہ ٹولی شاطرانہ انداز میں روزگار کے نام پر عوام کو لوٹ رہی تھی۔ کمشنر پولیس سائبر آباد مسٹر وی سی سجنار نے بتایا کہ 35 سالہ ڈیانگو محمد عرف نوشوڈونالڈ پروسپر 29 سالہ موسی ہالمٹ 32 سالہ این الیوین نائیجریائی اور 35 سالہ ابھم زیمومی متوطن ناگالینڈ کو گرفتار کرلیا۔ جبکہ مزید دو افراد پٹیل اوگا، سیامسن مفرور بتائے گئے ہیں۔ کمشنر نے بتایا کہ 29 اگسٹ 2019 کو کوکٹ پلی کے ساکن وی راجن بابو سے ایک شکایت پر اس شہری کو امریکہ کے لاس اینجلس میں ایک بڑی ہوٹل کے لئے چیف منیجر کی ملازمت دلانے کے بہانے لاکھوں روپئے لوٹ لئے گئے۔ بیرون ملک ملازمت کے بہانے اس شخص کو مختلف فون کالس کے ذریعہ کبھی برٹش ایمبیسی کے ملازم کی شناخت تو کبھی بڑی کنسلٹنسی کے نمائندہ کے طور پر رابطہ قائم کیا گیا اور 12 ماہ کی تنخواہ کے حصول کے لئے ڈی ڈی کی قیمت ادا کرنے کی شرط پر اس شخص سے لاکھوں روپئے لوٹ لئے گئے۔ کمشنر نے بتایا کہ نائیجیریا سے تعلق رکھنے والا ڈیانگو محمد عرف این ڈونالڈ نے نائیجیریا سے سنیگال کا رخ کیا اور اپنا نام ڈونالڈ سے بدل کر ڈیانگو محمد رکھ لیا اور سیاحتی ویزا پر ہندوستان آیا اور اس نے بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کا ڈاٹا حاصل کرلیا اور اس کی محبوبہ کے ہمراہ شہریوں کو نشانہ بنانے لگا۔ پولیس کمشنر نے بغیر تصدیق کے ایسے دھوکہ بازوں کے چنگل میں نہ آنے کا شہریوں کو مشورہ دیا۔