واشنگٹن ۔ 28 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اتوار کے روز خاتون اول میلانیا کے ساتھ ایک بیس بال میاچ میں شرکت کی تھی جہاں بیس بال کے مداحوں نے ان کا خوب مذاق اڑایا۔ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے دولت اسلامیہ گروپ کے قائد ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کی اطلاع کے بعد ہی ٹرمپ میاچ دیکھنے پہنچے تھے۔ تیسری اننگ کے بعد اسٹیڈیم میں بیٹھے ہوئے تماشہ بینوں کو اسٹیڈیم کے ویڈیو ڈسپلے سے یہ معلوم ہوگیا کہ صدر موصوف اپنی اہلیہ کے ساتھ اسٹیڈیم میں موجود ہیں۔ بہرحال انہوں نے کافی دیر تک ’’لاک ہم اپ !‘‘ جیسے الفاظ کے ساتھ نعرے بازی کی جیسا کہ کسی زمانے میں سابق خاتون اول ہلاری کلنٹن کے ساتھ بھی ہوچکا ہے۔ ٹرمپ کو ان کی شام پالیسی کو لیکر حالیہ دنوں میں کافی تنقیدوں کا سامنا ہے۔ دوسری طرف ان کے مواخذے کا بھی مطالبہ کیا جارہا ہے جس نے ٹرمپ کو سیاسی طور پر پریشان کر رکھا ہے۔