بیشتر اضلاع اور شہر میں شدید بارش ‘ مزید 2 یوم کیلئے زرد الرٹ جاری

   

کاغذ نگر آصف آباد میں تالاب کا برج بہہ گیا ۔ شہر میں کئی مقامات پر ٹریفک میں خلل

حیدرآباد 23 جون(سیاست نیوز) تلنگانہ کے 12 اضلاع میں آئندہ 2 یوم میں موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کرکے زرد الرٹ جاری کیاگیا ۔ کہا جا رہاہے کہ آئندہ دو یوم میں 12 اضلاع بشمول حیدرآبادوسکندرآباد میں شدید بارش کا امکان ہے۔ مضافاتی علاقوں میں آج بھی سہ پہر کے بعد سے کئی مقامات پر ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ شہر کے بیشتر حصوں میں ہلکی بارش ہوئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق عادل آباد‘ نلگنڈہ ‘ نارائن پیٹ ‘ سوریہ پیٹ‘ منچریال ‘ کمرم بھیم آصف آباد‘ کھمم کے علاوہ رنگاریڈی میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ ریاست میں اب مانسون سرگرم ہوگا اور موسم باراں کے آغاز کے بعد بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے جا رہاہے حالانکہ جاریہ ماہ کے اوائل میں ہی مانسون کی پہلی بارش ہوچکی ہے لیکن اس کے بعد موسم میں عجیب تبدیلیاں دیکھی جارہی تھیں اور بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی کے باوجود گرمی کی شدت تھی ۔ ۔گذشتہ چند یوم سے شہر کے بیشتر علاقوں میں وقفہ وقفہ سے بارش اور بعض علاقوں میں خشکی کے سبب رطوبت میں اضافہ دیکھا جا رہاہے۔ دونوں شہروں کے بیشتر علاقوں کے ساتھ نواحی علاقوں میں آج سہ پہر کے بعد بارش کا سلسلہ زائد از 2گھنٹہ جاری رہا۔ تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں بارش سے کاغذ نگر منڈل کمرم بھیم آصف آباد ضلع کے ایک تالاب کا برج بہہ جانے سے 50 مواضعات سے تعلق منقطع ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ کہا جا رہاہے کہ ضلع انتظامیہ سے فوری برج کی تعمیر کے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ ان مواضعات سے آمد و رفت بحال ہوسکے ۔ کہا گیا کہ 2سال قبل برج منہدم ہونے کے بعد عارضی برج کے ذریعہ کام چلایا جا رہاتھا لیکن اب اس عارضی برج کے بھی بہہ جانے کے بعد دوبارہ مرمت شروع کی جا رہی ہے ۔ شہر میں بارش کے نتیجہ میں کئی اہم اور مصروف سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اورمجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد و ٹریفک پولیس کو سڑکوں سے پانی کی نکاسی کرتے دیکھا گیا۔شہر میں خیریت آباد‘ فلک نما‘ نامپلی ‘ عابڈس‘ حمایت نگر‘ بشیر باغ‘ لکڑی کا پل ‘ سنتوش نگر‘ عیدی بازار ‘ عنبر پیٹ‘ کاچی گوڑہ ‘ ایل بی نگر‘ مانصاحب ٹینک ‘ مہدی پٹنم‘ ٹولی چوکی ‘ راجندر نگر‘ عطاپور‘ بیگم بازار‘ سدی عنبر بازار ‘ آغاپورہ ‘ ملے پلی ‘ آصف نگر و دیگر علاقوں میں زائد از ایک گھنٹہ موسلادھار بارش ہوئی تیز ہوائیں نہ ہونے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ شہر میں بہادرپورہ‘ میرعالم ٹینک‘ شاستری پورم اور آرام گھر کی سڑک پر راہگیروں کو شدید مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جبکہ مادنا پیٹ ‘ سنتوش نگر‘ سعید آباد‘ ملک پیٹ سڑک سے گزرنے والوں کو بھی مشکلات پیش آئیں۔ نواحی علاقو ں میں وجئے واڑہ ہائی پر موسلادھار بارش سے بارش کا پانی جمع ہونے کی شکایات ملیں ۔ جہاں پانی کی نکاسی نہ ہونے سے راہگیروں کو مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑا۔حیات نگر ‘ ونستھلی پورم‘ کے علاوہ دیگر علاقو ں بھی بارش کا پانی جمع ہونے کے سبب شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔3