بیشتر اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری‘2زرعی مزدور فوت

   

دونوں شہروں میں وقفہ وقفہ سے بارش ‘آئندہ 4 دن بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد۔24 ۔ستمبر۔(سیاست نیوز) تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے کئی علاقوں میں وقفہ وقفہ سے بارش ہورہی ہے ۔اضلاع میں موسلادھار بارش کے دوران بجلی گرنے کے سبب بھدادری کتہ گوڑم کے منڈل دما پیٹ میں 2 زرعی مزدوروں کی موت واقع ہوگئی جبکہ 6 زرعی مزدوروں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں جاری بارشوں کے سبب ذخائر آب کی سطح میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے اور محکمہ آبپاشی کے عہدیدارو ںکی جانب سے تالابوں اور ذخائر آب کی سطح پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر پانی کے اخراج کے اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے ۔ محکمہ موسمیات نے آج جاری کردہ اعلامیہ میں مزید 4یوم کے دوران مسلسل ہلکی اور تیز بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور آئندہ دو یوم کے دوران شہر حیدرآباد میں بھی وقفہ وقفہ سے بارش ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ نواحی و مضافاتی علاقوں میں دن بھر کے دوران وقفہ وقفہ سے بارش ریکارڈ کی جاتی رہی ہے ۔ بندلہ گوڑہ جاگیر‘ اپل ‘ عنبر پیٹ ‘ رامنتا پور کے علاوہ ملکاجگری کے علاقوں میں دن میں ایک سے زائد مرتبہ موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجہ میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور عام زندگی مفلوج ہوچکی تھی ۔ شہر کے مرکزی علاقوں میں آج موسلادھار بارش ریکارڈ نہیں کی گئی لیکن وقفہ وقفہ سے بوندا باندی اور ہلکی بارش کا سلسلہ دیکھا گیا ۔ شہر کے کئی علاقوں میں دوپہرسے ہی مطلع ابرآلود رہا اور گہرے بادلوں کے سبب بارش کے امکانات نظر آرہے تھے لیکن شام تک کئی علاقو ںمیں بارش نہیں ہوئی جبکہ اولذکر علاقوں میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی ۔ شہر کے مشرقی علاقوں کے علاوہ نواحی علاقوں میں ہونے والی بارش کے سلسلہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کی جانب سے ان علاقوں کے عوام کو گھروں سے نکلنے میں احتیاط کا مشورہ دیا گیا اور جی ایچ ایم سی حدود میں محکمہ موسمیات کی جانب سے رات کے اوقات میں بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ تارناکہ ‘ رامنتا پور‘دلسکھ نگر ‘ اپل ‘ سرورنگر‘ ایل بی نگر کے علاوہ ونستھلی پورم کے علاوہ دیگر علاقوں میں انتہائی موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔3
جس کے نتیجہ میں کئی اہم سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے سبب راستوں کے مسدود ہونے کی شکایات بھی موصول ہورہی ہیں ۔ نلگنڈہ ‘ یدادری ‘ بھونگیر ‘ رنگاریڈی ‘ سنگاریڈی ‘ وقارآباد ‘ کھمم اور محبوب آباد میں کئی گھنٹوںسے موسلادھار مسلسل بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے علاوہ شہر حیدرآباد کے نواحی علاقوں الوال ‘ قطب اللہ پور‘ کوم پلی ‘ شاہ پور نگر میں بھی مسلسل بارش ریکارڈ کی جا رہی ہے ۔ خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق ریاست کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مسلسل بارش ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے جبکہ کئی اضلاع میں موسلادھار بارش کے امکانات بھی ظاہر کئے جا رہے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ بعض اضلاع میں مسلسل بارش کے نتیجہ میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہونے کا بھی خدشہ ہے۔3