بیشتر اضلاع میں 17 اپریل تک بارش کی پیش قیاسی

   

حیدرآباد: محکمہ موسمیات نے تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں 17 اپریل تک بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ گرمی کی شدت میں کمی کے علاوہ محکمہ موسمیات کے مطابق مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔ محکمہ نے ابتداء میں 14 اپریل تک بارش کی پیش قیاسی کی تھی ، تاہم اس میں مزید تین دن کی توسیع کی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق 30 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے ساتھ تیز ہوائیں چلیں گی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ماقبل مانسون سرگرمیوں کے تحت حیدرآباد کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ یہ سلسلہ وقفہ وقفہ سے آئندہ تین تا چار دنوں تک جاری رہے گا۔ عہدیداروں نے حیدرآباد ، رنگا ریڈی ، ملکاجگری ، عادل آباد ، آصف آباد ، منچریال ، نرمل ، جگتیال ، پدا پلی ، کریم نگر ، سرسلہ ، نظام آباد ، کاما ریڈی ، سنگا ریڈی ، میدک ، وقار آباد اور گجویل میں آئندہ چار دنوں میں ہلکی اور موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔