وی وی پیاٹس کی گنتی پر کسی تبصرہ سے گریز ۔ چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ کا بیان
امراوتی 12 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ نے آج کہا کہ بیشتر سیاسی جماعتوں نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں اپنے یقین کا اظہار کیا ہے تاہم انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ کچھ گوشوں کی جانب سے اس کے خلاف الزامات عائد کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹنگ مشینوں میں چھیڑ چھاڑ اور اس کے کام کاج کے نقائص میں فرق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک مشینوں میں چھیڑ چھاڑ کا ایک بھی واقعہ ثابت نہیں ہوا ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر نے تاہم مختلف جماعتوں کی جانب سے وی وی پیاٹس کی گنتی کے مطالبہ پر کوئی اظہار خیال نہیں کیا حالانکہ انہوں نے کہا کہ وی وی پیاٹس پر شعور بیدار کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر مہم شروع کرنے کی ضرورت ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ بیشتر جماعتوں نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعہ رائے دہی میں یقین کا اظہار کیا ہے اور انہوں نے وی وی پیاٹ سلپس کی گنتی کا مطالبہ کیا ہے ۔ کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ مشینوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے اور اس سے رائے دہندوں کو بھی واقف کروایا جائے تاکہ ان مشینوں پر اعتماد میں اضافہ ہوسکے ۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں نے 2014 میں ایک مخصوص نتیجہ ظاہر کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد سے دہلی ‘ گجرات ‘ مہاراشٹرا ‘ بہار ‘ مدھیہ پردیش ‘ تریپورہ ‘ میزورم وغیرہ میں بھی انتخابات کروائے گئے ۔ وہاں نتائج مختلف رہے تھے ۔ تاہم اس کیلئے ووٹنگ مشینوں کو کیوں الزامات کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ؟ ۔ اروڑہ نے کہا کہ سابق آئی اے ایس عہدیداروں اور دیگر ماہرین کی جانب سے وی وی پیاٹس کی گنتی پر ایک رپورٹ بہت جلد پیش کی جائیگی ۔ چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کمشنر اشوک لواسا اور دوسرے عہدیداروں کے ساتھ آندھرا پردیش میں مجوزہ انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور انہوں نے یہاں اپنی دو روزہ مصروفیات سے میڈیا کو واقف کروایا ۔ اروڑہ نے کہا کہ حال میں ووٹنگ مشینوں کو ہیک کرنے کے مظاہرہ کو لندن میں سرکس قرار دیا اور کہا کہ برٹس یونین آف جرنلسٹس اور انڈین یونین آف جرنلسٹس نے خود کو اس سے علیحدہ کرلیا ہے ۔ یہ کہا گیا تھا کہ ان تنظیموں نے مشینوں کے تعلق سے پریس کانفرنس منعقد کی تھی ۔