بیشتر خانگی اسکولوں میں طلبا کے حاضرہونے پر زور

   

امتحانات کی تواریخ کا بھی اعلان، سرکاری و عدالتی احکامات نظرانداز

حیدرآباد۔8ستمبر۔( سیاست نیوز ) تلنگانہ حکومت کے اسکولوں کی کشادگی کے فیصلہ اور عدالت کی ہدایات کے باوجود بیشتر خانگی اور کارپوریٹ اسکولوں نے آن لائن کلاسس کو بند کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے طلبہ کو شخصی طور پر کلاسس میں حاضر رہنے کے علاوہ امتحانات کی تواریخ کا بھی اعلان کردیا ہے۔ دونوں شہروں کے بیشتر خانگی اور کارپوریٹ اسکولوں کا یہ اقدام حکومت کے رہنمایانہ خطوط اور عدالتی احکامات کے مغائر ہے۔ عدالت نے واضح طور پر کہا ہے کہ طلبہ کو شخصی طور پر کلاسس میں شرکت کیلئے مجبور نہ کیا جائے اور نہ ہی آن لائن کلاسس بند کی جائیں۔ محکمہ تعلیم کے رہنمایانہ خطوط میں بھی کہا گیا ہے کہ طلبہ کیلئے آن لائن اور آف لائن کلاسس کا انعقاد عمل میں لایا جائے اور طلبہ اور اولیائے طلبہ کو اس بات کا اختیار دیا جائے کہ وہ اپنی مرضی کے مطابق شرکت کریں۔ ایک کارپوریٹ تعلیمی ادارہ کے ذمہ داروں نے بتایا کہ مسلسل آن لائن کلاسس سے طلبہ کو ہونے والے نقصان اور ان کی تعلیمی صلاحیت کی جانچ کیلئے آف لائن کلاسس کا انعقاد ناگزیر ہے ۔ خانگی اسکولوں اور کارپوریٹ اسکولوں کے ذمہ داروںکی جانب سے دعویٰ کیا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت اور عدالت کی جانب سے انتظامیہ کو اس بات کا اختیار دیا گیا ہے کہ وہ اسکولوں کی کشادگی کے ساتھ باضابطہ کلاسس کا آغاز کریں یا آن کلاسس جاری رکھیں۔ پرانے شہر کے اسکولوں میں آن لائن کلاسس کے سلسلہ کو بند کئے جانے پر کئی اولیائے طلبہ و سرپرستوں کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ M