ٹاملناڈو کے ایک گائوں میں مسلم شخص پر گروپ کا حملہ، 4 گرفتار
ناگاپٹنم (ٹاملناڈو) ۔12 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام) ٹاملناڈو پولیس نے جمعہ کو کہا کہ ناگاپٹنم کے ایک گائوں میں مقامی افراد کے ایک گروپ نے ایک مسلم شخص کو مبینہ طور پر حملے کا نشانہ بنایا جب وہ خود ’بیف‘ کا شوربہ استعمال کرتے ہوئے اپنی ایک تصویر اپلوڈ کیا تھا۔ پولیس نے کہا کہ اس ضمن میں چار افراد گرفتار کرلئے گئے ہیں۔ 24 سالہ محمد فیضان ساکن پورواچیری نے جمعرات کو فیس بک پر اپنی یہ تصویر پوسٹ کیا تھا اور اس کا ذائقہ بھی بیان کیا تھا۔ مقامی افراد کے ایک گروپ نے اس پوسٹ پر اعتراض کیا اور جمعرات کی شب فیضان کے گھر پہنچ کر اس سے سوال کیا۔ اس دوران جھگڑے کے بعد انہوں نے اس کو حملے کا نشانہ بنایا جس کے نتیجہ میں فیضان زخمی ہوگیا اور قریبی گورنمنٹ ہاسپٹل میں شریک کردیا گیا۔ ضلع پولیس پسرنٹنڈنٹ پی کے راجاشیکھرن کے احکام پر کلوالور پولیس نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے چار افراد دنیش کمار، اگاتیان، گنیش کمار اور موہن کمار کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ہندوستانی تعزیری ضابطہ کی مختلف دفعات کے تحت یہ مقدمہ درج کیا ہے جس میں اقدام قتل کی دفعہ بھی شامل ہے۔