بینکس ‘ میڈیا ‘ دواخانے اور دوکانات معمول کے مطابق کام کریں گے

,

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔29مارچ(سیاست نیوز) ملک میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے معلنہ لاک ڈاؤن کے دوران مرکز نے قومی سطح پر چند اہم رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں جن کے مطابق ملک بھر میں تمام دواخانے ‘ میڈیکل اسٹورس‘ لیباریٹیز‘ ریسرچ لیابس اور حیوانات کے دواخانے کو بدستور معمول کے مطابق کام کرتے رہیں گے۔ سرکاری اعلامیہ میں یہ اطلاع دیتے ہوئے مزید کہا گیا ہے کہ ’’ تمام میڈیکل اہلکاروں ‘ نرسیس ‘ نیم طبی عملہ اور دواخانوں کی معاون خدمات سے وابستہ ورکرس کو 24 گھنٹوں میں کسی بھی ٹرانسپورٹ سہولت حاصل رہے گی اور ان کی آمدو رفت بلاروکاٹ جاری رہے گی ‘‘ ۔ تمام خانگی ادارہ جات کو بند رکھنے کی سخت ہدایت کی گئی ہے لیکن ان پابندیوں کے باوجود ضروری غذائی اشیاء کی دوکانات ‘ کرانہ اسٹورس ‘ مواصلاتی اور انٹرنیٹ خدمات ‘ بینکس کے علاوہ پرنٹ اور الکٹرانک میڈیا معمول کے مطابق جاری رکھ سکتے ہیں۔ رہنمایانہ خطوط میں کہا گیاہے کہ حکومت ہند ‘ ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کے اکثر دفاتر بند رہیں گے تاہم لازمی خدمات تعلق رکھنے والے چند دفاتر اور اداروں کو استثنی رہے گا ۔